1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیجنڈری گلوکارہ سیزاریا ایفورا چل بسیں

18 دسمبر 2011

کیپ ویردے کی لیجنڈری گلوکارہ سيزاريا ايفورا انتقال کر گئی ہیں۔ ان کی عمر ستّر برس تھی۔ انہوں نے ابھی تین ماہ قبل ہی خرابیء صحت کے باعث گلوکاری چھوڑی تھی۔

https://p.dw.com/p/13UyE
تصویر: AP

کیپ ویردے کے وزیر ثقافت ماریو لوسیو کا کہنا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ سیزاریا ایفورا اپنے آبائی علاقے Sao Vicente کے ہسپتال میں انتقال کر گئیں۔

ان کی موت پر دو روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ صدر جارج کارلوس فونسیکا کا کہنا ہے کہ ایفورا کیپ ویردے کا بڑا ثقافتی حوالہ تھیں۔ وزیر اعظم Jose Maria Neves  نے انہیں ملک کا فخر قرار دیا ہے۔

رواں برس ستمبر میں ان کے گیت ریلیز کرنے والی کمپنی لوس افریقہ نے اعلان کیا تھا کہ ایفورا نے بیماری کے باعث گلوکاری کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس وقت انہوں نے خود ایک فرانسیسی اخبار Le Mondeکے ساتھ انٹرویو میں کہا تھا: ’’مجھ میں کوئی طاقت، کوئی توانائی نہیں رہی ہے۔ میں آپ سے کہنا چاہتی ہوں کہ میرے پرستاروں کو یہ بتا دیں، وہ مجھے معاف کر دیں، لیکن مجھے اب آرام کی ضرورت ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا تھا: ’’بیماری کی وجہ سے گلوکاری چھوڑنے کا مجھے بے انتہا افسوس ہے۔ میں ان لوگوں کو اور بھی محظوظ کرتی، جو طویل عرصے سے مجھے پسند کرتے آ رہے ہیں۔‘‘

مئی دوہزار دَس میں ان کے دِل کا آپریشن ہوا تھا۔

Cesaria Evora NO FLASH
ایفورا نے نجی محفلوں میں گانا شروع کیا تھاتصویر: picture-alliance/abaca

ایفورا کی والدہ باورچی کے طور پر کام کرتی تھیں۔ انہوں نے اپنے شوہر کے انتقال پر ایفورا کو یتیم خانے کے حوالے کر دیا تھا۔ سولہ برس کی عمر سے انہوں نے شراب خانوں اور نجی محفلوں میں گانا شروع کیا۔

انہیں ’بیئرفُٹ دیوا‘ کے نام سے بھی جانا جاتا رہا ہے۔ مقامی سطح پر کم عمری سے گانا شروع کرنے کے بعد انہیں بین الاقوامی پذیرائی انیس سو بانوے میں ملی۔ اس وقت ان کا البم Miss Perfumado دنیا بھر میں مشہور ہوا تھا اور اب تک اس کی تین لاکھ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ مجموعی طور پر انہوں دس اسٹوڈیو البم بنائے۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں