1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’لو کاربو ہائیڈریٹ‘ والی غذا زيادہ وزن کم کرتی ہے

کشور مصطفی30 اکتوبر 2015

لو فیٹ ڈائٹس یا کم چربی پر مشتمل غذا کا استعمال وزن کم کرنے میں اتنا مددگار ثابت نہیں ہوتا جتنا کہ سمجھا جاتا رہا ہے۔ یہ انکشاف کيا گيا ہے 53 مطالعاتی جائزوں پر مشتمل ایک تازہ رپورٹ ميں۔

https://p.dw.com/p/1GxDQ
تصویر: Kristina Stasiuliene/Colourbox

اس رپورٹ کی مرکزی مصنفہ ڈائرڈ ٹوبیاس کا تعلق امریکی ریاست میسا چوسٹس کے ’’برگھام اینڈ ویمنز‘‘ ہسپتال سے ہے۔ وہ کہتی ہیں،’’سائنسی تحقیق وزن کم کرنے کی طویل المدتی حکمت عملی کے طور پر لو فیٹ یا کم چربی والی غذا کے استعمال کی حمایت نہیں کرتی۔‘‘

اس تحقیق میں دنیا کے متعدد ممالک کے قريب 70 ہزار بالغ افراد کو شامل کیا گیا اور ان کی کم چربی والی غذا اور اس غذا کے وزن کم کرنے کے عمل پر اثرات سے متعلق 53 مطالعاتی جائزوں پر نظر ثانی کے بعد یہ رپورٹ شائع کی گئی۔ ان مطالعاتی جائزوں کے نتائج سے پتہ چلا ہے کہ وزن کم کرنے کے عمل میں کم کاربو ہائڈریٹ یا نشاستہ دار غذا دراصل کم چربی والی غذا سے کہیں زیادہ موثر ثابت ہوتی ہے۔

Pommes Frites mit Ketchup
تصویر: picture-alliance/dpa

ماہرین کے مطابق انہیں اپنی تحقیق کے دوران یہ پتہ چلا کہ ايک مخصوص عرصے کے دوران کھانے میں لو فیٹ یا کم چربی والی غذا کے استعمال سے محض 360 گرام یا 13 اونس وزن کم ہوا جبکہ اسی عرصے کے دوران ہائی فیٹ یا زیادہ فیٹ مگر لو کاربو ہائڈریٹ یا کم نشاستہ دار غذا کے استعمال سے قریب 1.15 کلوگرام یا 2.5 پونڈ وزن کم ہوا۔

اس تحقیق کے نتائج معروف طبی جریدے ’’دی لینسیٹ ڈائیبیٹیز اینڈ انڈوکرونولوجی‘‘ میں شائع ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزن کم کرنے کے عمل میں کم نشاستہ دار غذا کم چربی والی غذا سے کہیں زیادہ موثر ثابت ہوتی ہے۔

فیٹ یا روغن والی غذا کو ایک عرصے سے وزن میں اضافے کا سبب سمجھا جاتا رہا ہے کیونکہ فیٹ کے ایک گرام میں کاربوہائڈریٹ کے ایک گرام کے مقابلے میں دو گنا کیلوریز موجود ہوتی ہیں۔ تاہم اس بارے میں سالوں سے سائنسی تحقیق جاری ہے اور اس کے نتائج ہمیشہ متنازعہ ہی رہے ہیں۔

ابھی گزشتہ ماہ ہی جریدے’’ سیل میٹابولزم‘‘ میں چھپنے والے ایک نسبتاً چھوٹے پیمانے کی اسٹڈی کے نتائج سے پتہ چلا تھا کہ موٹاپے کے شکار افراد فیٹ یا چربی کے استعمال میں کمی لا کر اپنا وزن کم کرنے میں کامیاب رہے۔ تاہم اس سلسلے میں کی جانے والی تازہ ترین ریسرچ سے پتہ چلا ہے کہ معاملہ اُلٹا ہے۔

رپورٹ کی مرکزی مصنفہ ڈائرڈ ٹوبیاس کے بقول،’’ غذا میں فیٹ یا چربی کے استعمال کو کم کرنے کے حالیہ مشوروں میں اُس سوچ کا عمل دخل ہے کہ کم چربی دار غذا کو ترک کرنے سے وزن تیزی سے کم کیا جا سکتا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزن کم کرنے کے بارے میں کی جانے والی تازہ ترین ریسرچ کے نتائج تاہم اس سوچ کے بالکل بر عکس ثابت ہوئے ہیں۔ یعنی چکنی یا فیٹ سے بھرپور غذا کے استعمال کو ترک کرنے سے وزن اتنا کم نہیں ہوتا جتنا کے لو کاربو ہائڈریٹ یا کم نشاستہ دار غذا کے استعمال سے وزن اور موٹاپے میں کمی لائی جا سکتی ہے۔