1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لوئراخ کا خونریز واقعہ: بظاہر گھریلو جھگڑے کا نتیجہ

20 ستمبر 2010

جرمن پولیس کو شبہ ہے کہ اتوار کی شام جنوب مغربی جرمنی میں لوئراخ کے مقام پر طیش میں آئی ہوئی ایک مسلح خاتون کی وجہ سے چار افراد کی ہلاکت کا واقعہ ایک گھریلو جھگڑے کا نتیجہ تھا۔

https://p.dw.com/p/PHUo
لوئراخ میں ریاستی دفتر استغاثہ اور مقامی پولیس کے سربراہان پیر کے روز اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئےتصویر: dapd

اس واقعے میں ایک 41 سالہ خاتون نے، جو ایک وکیل تھی اور جس کا نام پولیس نے ظاہر نہیں کیا، ایک فلیٹ کو آگ لگا دی تھی اور بعد میں ایک ہسپتال میں جا کر وہاں فائرنگ بھی شروع کر دی تھی۔ اس واقعے میں پولیس نے بعد ازاں اس خاتون کو گولی مار دی تھی۔

Amoklauf Lörrach
فائر بریگیڈ کے کارکن فلیٹ میں لگی آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہوئےتصویر: dapd

جنوب مغربی جرمن شہر لوئراخ میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں اس 41 سالہ ملزمہ نے پہلے تو اپنے ایک سابقہ دوست اور اپنے پانچ سالہ بیٹے کو قتل کیا، جس کے بعد اس نے اس فلیٹ کو آگ بھی لگا دی تھی۔ پھر یہ خاتون دوڑتی ہوئی ایک قریبی ہسپتال گئی جہاں راستے میں اس نے اپنی بندوق سے دو راہگیروں کو گولی مار کر شدید زخمی بھی کر دیا تھا۔

جلتے ہوئے فلیٹ سے نکل کر جب یہ خاتون لوئراخ کے ایک ہسپتال میں پہنچی تو وہاں اس نے طبی عملے کے ایک رکن کو چاقوکے وار کر کے قتل بھی کر دیا تھا۔

اس پر فوری طور پر موقع پر پہنچ جانے والی پولیس کے ساتھ اس مشتعل مسلح خاتون کا فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا، جس دوران ملزمہ پولیس کی گولی لگنے سے ہلاک ہو گئی تھی۔

Amoklauf Lörrach
پولیس اس واقعے کی مکمل چھان بین کر رہی ہےتصویر: dapd

جرمن کی فرانس اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ سرحدوں کے قریب ہی واقع 48 ہزار کی آبادی والے شہر لوئراخ میں پولیس نے پیر کے روز بتایا کہ ہسپتال میں اس خاتون کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شدید زخمی بھی ہو گیا تھا جبکہ جس طبی کارکن کو اس ملزمہ نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا، وہ ایک خاتون تھی۔

اس واقعے کے بعد فائر بریگیڈ کے کارکنوں نے جب اس خاتون کی طرف سے ایک فلیٹ میں لگائی گئی آگ پر پوری طرح قابو پا لیا، تو وہاں انہیں ایک مرد اور ایک پانچ سالہ بچے کی بری طرح سے جلی ہوئی لاشیں بھی ملیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مرنے والا شخص اس خاتون کا ایک سابقہ دوست تھا اور اس مرد کے ساتھ فلیٹ میں قتل کیا گیا پانچ سالہ دونوں کی مشترکہ اولاد تھا۔

پولیس کے مطابق اس واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔ لیکن ابتدائی اطلاعا ت یہی ہیں کہ اس خونریز واقعے کی وجہ اس خاتون اور اس کے سابقہ دوست کے درمیان ہونے والا وہ جھگڑا بنا، جس کی بنیاد پر یہ دونوں قریب دو ماہ قبل ایک دوسرے سے علٰیحدہ بھی ہوگئے تھے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عدنان اسحاق