1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لاہور:پولیس مراکز پر دہشت گردوں کے حملے، 38 ہلاک

15 اکتوبر 2009

آج صبح لاہور میں بیس سے زائد دہشت گردوں نے مختلف مقامات پر پولیس اسٹیشنوں اور پولیس کے تربیتی مراکز یر حملے کئے۔ اِن حملوں میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/K6YQ
تصویر: AP

اطلاعات کے مطابق بیس سے زائد دہشت گردوں نے لاہور کے نواحی علاقے بیدیاں میں واقع پولیس کمانڈو اکیڈمی، مناواں میں پولیس اکیڈمی اور شہر میں ایف آئی اے کے دفاتر پر ایک ہی وقت میں حملے شروع کئے۔ یہ حملے بڑی مہارت اور منصوبہ بندی سے کئے گئے۔

لاہور پولیس چیف پرویز راٹھور کے مطابق مناواں پولیس اکیڈمی پر حملہ کرنے والے چاروں دہشت گردوں ہلاک ہوگئے، جن میں سے ایک کو سیکیورٹی اہلکاروں نے ہلاک کر دیا تھا، جبکہ تین دہشت گردوں نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔

راٹھور نے کہا کہ ایف آئی اے بلڈنگ پر مقابلے کے دوران ایک دہشت گرد اور چھ سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ دہشت گردوں نے وہاں کے ایک کمپاؤنڈ میں ایک فیملی کو یرغمال بنا لیا تھا، جو اب محفوظ ہے۔

لاہور کمانڈر میجر جنرل شفقت احمد نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیدیاں کی پولیس کمانڈو اکیڈمی میں پانچ دہشت گردوں کی لاشیں پڑی ہیں۔

اسی دوران پاکستان کے شمال مغربی سرحدی صوبے کے شہر کوہاٹ میں ایک خود کش کار بم دھماکہ ہوا، جس میں دس افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: امجد علی