1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’قبل از وقت عام انتخابات‘، یونانی وزیراعظم کا اشارہ

31 اکتوبر 2010

یونانی وزیراعظم نے اشارہ دیا ہے کہ اگلے ہفتے ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں اگران کی جماعت کی کارکردگی بری رہی، تو وہ قبل از وقت عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Puhs
تصویر: AP

ہفتے کے روز اپنے ایک بیان میں یونانی وزیراعظم جارج پاپاندریو نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں خراب کارکردگی کا مطلب یونانی عوام کا ان کی جماعت پر عدم اعتماد تصور کیا جائے گا، اور ایسی صورتحال میں عام انتخابات کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ تاہم پاپاندریو نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی نظر میں خراب نتائج سے مراد کیا ہے اور وہ کس صورت میں وہ نئے انتخابات کا اعلان کر سکتے ہیں۔

Streik Lastwagenfahrer in Griechenland
یونان میں حکومت مخالف مظاہروں میں شریک ایک شخصتصویر: AP

ملک میں مالیاتی بحران اور بجٹ خسارے کے بعد یورپی یونین اور یورو زون کی طرف سے شدید ترین دباؤ پر ملک میں سخت مالیاتی ضابطوں اور بجٹ اصلاحات کا نفاذ کرنے والی حکمران جماعت سوشلسٹ پارٹی کو عوامی سطح پر تنقید کا سامنا ہے۔ عوامی جائزوں میں اس جماعت کی مقبولیت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ سات نومبر کو ملک میں بلدیاتی انتخابات کو اس جماعت کے لئے ایک اہم امتحان سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ جارج پاپاندریو نے ایک مرتبہ پھر یونانی عوام سے اپیل کی کہ یورو کرنسی کے استحکام کے لئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیا جائے۔

’’اگر سفر کے آغاز ہی میں ہمیں شکوک و شبہات آن لیں۔ اگر یہ دکھائی دے کہ ہمیں بیچ راہ میں تنہا چھوڑ دیا گیا ہے اور ملک کو عدم استحکام کی طرف بڑھایا جا رہا ہے، تو ظاہر ہے ملک کے اعتماد کو ٹھیس پہنچے گی۔‘‘

جارج پاپاندریو نے یہ بیان ریل نیوز نامی اخبار کو اتوار کی اشاعت کے لئے دیا، ’’ایسے حالات میں کوئی اور حل نہیں بچتا، سوائے اس کے کہ یونانی عوام سے بات کی جائے۔ ملک کو غیر مستحکم کرنے والی قوتوں کی پالیسیوں کا مقابلہ عوامی قوت سے کیا جائے اور ملک کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے۔‘‘

Griechenland Demonstration in Athen vor Finanzministerium
مالیاتی اصلاحات پر حکومت کو شدید مخالفت کا سامنا ہےتصویر: AP

جارج پاپاندریو کے اس بیان کو ان کی طرف سے ممکنہ طور پر نئے انتخابات کے لئے ایک نئے اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ایک مقامی ٹی وی چینل کو 25 اکتوبر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جارج پاپاندریو نے کہا تھا کہ وہ نئے عام انتخابات کے لئے تیار ہیں۔

عام انتخابات کے حوالے سے ایسی خبریں منظر عام پر آنے سے ملکی مالیاتی منڈیوں میں خاصی بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔ پہلے ہی مالیاتی بحران کی شکار یونانی معیشت میں ممکنہ طور پر نئے انتخابات کو حکومت کی جانب سے اب تک کئے گئے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔

جارج پاپاندریو نے اس صورتحال کی وضاحت ان الفاظ میں کی، ’’میں مذاق نہیں کر رہا۔ ہمیں جو بحران درپیش ہے، وہ مذاق نہیں ہے۔ مجھے ملک کے لئے ایک شدید خطرہ نظر آ رہا ہے۔ اگر ہم نے ملک میں سیاسی محاذ آرائی پیدا کی، تو مجھے خوف ہے کہ ہماری اب تک کی قربانیاں رائیگاں چلی جائیں گی۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں