1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیٹل کینیڈین گراں پری جیت گئے

10 جون 2013

جرمن فارمولا وَن ڈرائیور سیباستیان فیٹل کینیڈین گراں پری جیت گئے ہیں۔ یہ ریس اتوار نو جون کو مونٹریال میں ہوئی۔ کنیڈین گراں پری میں یہ ان کی پہلی کامیابی ہے۔

https://p.dw.com/p/18maW
تصویر: picture-alliance/dpa

ریڈ بُل ٹیم کے سیباستیان فیٹل ریس کے آغاز سے ہی مقابلے پر چھائے رہے اور آخر تک کوئی دوسرا کھلاڑی ان کا زور توڑ نہ پایا۔ دوسرے نمبر پر آنے والے فیراری کے فرنانڈو الانسو بھی فیٹل سے بہت پیچھے تھے۔

فیٹل نے پول پوزیشن سے ریس شروع کی جو ان کا بہترین آغاز تھا۔ تاہم پوری ریس میں ان کے پیچھے ایک ڈرامائی ہلچل جاری رہی۔

آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر فیٹل کا پیچھا کر رہے تھے لیکن وہ خود الانسو کا شکار بن گئے۔ الانسو نے چھٹی پوزیشن سے مقابلے کا آغاز کیا تھا۔ فن لینڈ کے ولٹیری بوٹاس نے تیسری پوزیشن سے ریس شروع کی، جس کے بعد وہ پہلے بارہویں نمبر پر لڑھکے جبکہ اختتام پر وہ چودھویں نمبر پر رہے۔

بعدازاں فیٹل نے اپنے ٹیم ریڈیو پر اعلان کیا: ’’ہاں، ہم کینیڈا میں جیت گئے ہیں۔ میری کار بہت ہی حیرت انگیز تھی۔ شکریہ ساتھیو۔‘‘

ٹرافی لینے کے بعد فیٹل نے کہا: ’’ہمارے لیے پہلے بھی مقابلے اچھے رہے ہیں لیکن ہر مرتبہ ہم جیتے نہیں۔ یہ آج کے دِن کے لیے طے تھا۔ بہت اچھا احساس ہے۔‘‘

Formel Eins Großer Preis von Kanada 2013 Vettel
فیٹل نے پوری ریس میں سبقت برقرار رکھیتصویر: picture-alliance/dpa

70 چکروں کی اس ریس میں انہیں 14.9 سیکنڈ کی سبقت حاصل رہی۔ مونٹریال کے 4.361 کلومیٹر طویل سرکٹ گِلیز ویلینیووے پر یہ مقابلہ ایک گھنٹہ 32 منٹ اور 9.143 سیکنڈ جاری رہا۔

مرسڈیز ٹیم کے لیوس ہملٹن تیسرے نمبر پر رہے۔ فیٹل اور ان کی ٹیم کے لیے کینیڈین گراں پری کا یہ پہلا ٹائٹل ہے۔ اس سے پہلے کینیڈا میں دو مقابلوں میں فیٹل دوسرے اور چوتھے نمبر پر رہے تھے۔

اس سیزن میں یہ ان کی تیسری فتح ہے جس کے نتیجے میں ڈرائیوروں کی اسٹینڈنگ میں ان کی سرفہرست پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے۔ اس وقت وہ 132پوائنٹس کے ساتھ اس پوزیشن پر ہیں جبکہ اسپین کے الانسو 96پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ لوٹس ٹیم کے فن لینڈ کے ڈرائیور ریمی رائیکونین تیسرے نمبر پر ہیں اور ان کے پوائنٹس 88 ہیں جبکہ برطانوی ڈرائیور ہملٹن 77 پوائنٹس کےساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

رواں سیزن میں ورلڈ چیمپیئن سباستیان فیٹل قبل ازیں ملائیشیا اور بحرین میں کامیاب رہے تھے۔ اس سیزن میں فارمولا وَن کا اگلا پڑاؤ برٹش گراں پری ہے جو 30 جون کو سلور اسٹون میں ہو گی۔

ng/aba (AFP, dpa)