1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈکپ: گھانا اور یوروگوائے کی تاریخی جیت

27 جون 2010

فیفا فٹبال ورلڈکپ 2010ء کے ناک آؤٹ مرحلے میں افریقی ملک گھانا اور لاطینی امریکہ کے ملک یوروگوائے نے کامیابی سمیٹتے ہوئے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

https://p.dw.com/p/O4BE
تصویر: AP

ہفتے کو کھیلے گئے دونوں میچ انتہائی دلچسپ رہے۔ جنوبی افریقہ میں مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے یوروگوائے کا ایشیائی ٹیم جنوبی کوریا سے مقابلہ ہوا۔ یوروگوائے نے ایک کے مقابلے میں دول گول سے یہ میچ جیت کر چالیس سال بعد فٹبال ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

جنوبی کوریا نے ایک مرتبہ پھر شائقین فٹبال کو اپنے اچھے کھیل سے متاثر کیا۔ تاہم دفاعی حکمت عملی کے باعث وہ جیت سے محروم رہی۔ یوروگوائے کی جیت میں ان کے سٹرائیکر لوئیس ساؤریز کے دو گول اہم رہے۔ آخری لمحات تک کھیل ایک ایک گول سے برابر تھا اور یہ یقینی لگ رہا تھا کہ بات اضافی وقت تک چلی جائے گی۔ تاہم ساؤریز نے دوسرا گول داغ کر جنوبی کوریا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

Flash-Galerie Fußball WM 2010 Südafrika Achtelfinale Uruguay vs Südkorea
جنوبی کوریا نے یوروگوائے کے خلاف اچھا کھیل پیش کیاتصویر: AP

جنوبی کوریا کی ٹیم 2002ء کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔ 1930ء اور 1950ء کی عالمی فٹبال چیمپئن ٹیم یوروگوائے دو جولائی کو کوارٹر فائنل میں افریقی ملک گھانا کا مقابلہ کرے گی۔

گھانا نے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے سنسی خیز میچ میں امریکہ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے قبل افریقہ سے سینیگال نے 2002ء جبکہ کیمرون نے 1990ء کے عالمی مقابلوں کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ جنوبی افریقہ میں مقامی وقت شب آٹھ بجے گھانا اور امریکہ کے درمیان میچ کھیلا گیا۔

پہلے ہاف کے پانچویں منٹ میں کیون پرنس نے گھانا کو ایک گول کی برتری دلائی جو دوسرے ہاف تک قائم رہی۔ امریکہ کے لانڈون ڈونوان نے 62ویں منٹ میں پنالٹی کک پر میچ برابر کردیا جس کے بعد بات اضافی وقت تک چلی گئی۔ اس مرحلے میں دونوں ٹیموں کو پندرہ پندرہ منٹ کے دو ہاف ملے جن میں گھانا کے آندرے ایو نے گول کر ڈالا۔

Deutschland Ghana Fußball WM 2010 Public Viewing in Dresden
اتوار کو جرمنی کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو رہا ہےتصویر: AP

گھانا کی جیت میں ان کے گول کیپر رچرڈ کنگ سن کے شاندار کھیل نے اہم کردار نبھایا جنہوں نے امریکی ٹیم کے مسلسل حملوں کو ناکام بنائے رکھا۔ یوروگوائے کے خلاف کوارٹر فائنل میں گھانا کے جوناتھن مینساح اور فاتحانہ گول کرنے والے آندرے ایو نہیں کھیل پائیں گے کیونکہ انہیں امریکہ کے خلاف میچ میں زرد کارڈ دکھائے گئے ہیں۔

اتوار کو ناک آؤٹ مرحلے میں پہلا میچ جرمنی اور انگلینڈ کے درمیان جبکہ دوسرا میچ ارجنٹائن اور میکسیکو کے درمیان کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید