فیشن شو: ریمپ سے طاقت اور دلیری کا پیغام
9 ستمبر 2016نیویارک فیشن شو میں بھارتی ڈیزائنر ارچنا کوچھار نے اپنے ڈیزائن کیے گئے ملبوسات ایک خاص سماجی پیغام کے ساتھ فیشن شو کے حاضرین کے سامنے پیش کیے۔ اس ڈیزائنر کی پہلی ماڈل ریشماں قریشی تھی۔ بھارت میں سن 2014 میں سترہ سالہ ریشماں اپنی بہن کے ہمراہ سٹرک پر چل رہی تھی جب کچھ حملہ آوروں نے اس کے چہرے پر تیزاب پھنک دیا۔ اس حملے میں اس کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی تھی۔ گزشتہ شب دنیا کے معتبر ترین فیشن شو میں بطور ماڈل ریمپ پر واک کرنا ریشماں کے لیے کسی اعزاز سے کم نہ تھا۔
ریشماں نے نیوز ایجنسی اے پی کو بتایا،’’میرے لیے یہ موقع انتہائی اہم ہے کیوں کہ میری طرح کی بہت سی اور بھی متاثرہ لڑکیاں ہیں اور میری یہاں موجودگی انہیں بھی حوصلہ فراہم کرے گی،‘‘ریشماں نے یہ بھی کہا کہ ایک فیشن شو میں جھلسے ہوئے چہرے کی ماڈل یہ پیغام بھی دیتی ہے کہ ظاہری خوبصورتی سب کچھ نہیں ہر انسان کو ایک ہی نظر سے دیکھا جانا چاہیے۔‘‘
ریشماں نے ایک خوبصورت لباس پہنا ہوا تھا جس پر لال، ہرے، اور سبز رنگ سے کڑھائی کی گئی تھی۔ اس نوجوان ماڈل نے اس موقع پر کہا،’’ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں اتنے بڑے فیشن شو میں بطور ماڈل شرکت کروں گی۔‘‘
اس فیشن شو میں بھارتی اداکارہ سنی لیون نے بھی ریمپ پر واک کی۔ سنی لیون نے ریشماں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا،’’یہ انتہائی حیران کن ہے کہ ایک لمحے میں کیسے کسی کی زندگی بدل جاتی ہے، ریشماں کا یہاں تک پہنچنا بہت بڑی کامیابی ہے۔‘‘