1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیس بک کے سربراہ سوکر برگ، ’تقریبا تمام دولت عطیہ کر دی‘

عاطف بلوچ2 دسمبر 2015

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے شریک بانی مارک سوکر برگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ فیس بک کے اپنے ننانوے فیصد حصص کو عطیہ کر دیں گے۔ انہوں نے یہ اعلان اپنی بیٹی کی پیدائش کے موقع پر کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HFf3
Zuckerberg Chan Baby Facebook Internet
سوکر برگ اور پرسیلا چین اپنی بیٹی کو ایک اچھی دنیا دینا چاہتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

مارک سوکر برگ اور ان کی اہلیہ پرسیلا چَین نے کہا کہ انہوں نے یہ عطیہ اس لیے دیا ہے کیونکہ وہ اس دنیا کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، جہاں ان کی بیٹی نے رہنا ہے۔ سوکر برگ کے مطابق ان کا عطیہ تعلیم، صحت اور مختلف ممالک میں معاشرتی ترقی جیسے منصوبہ جات پر خرچ کیا جائے گا۔ سوکر برگ کے فیس بک کے حصص کی موجودہ مالیت 45 بلین ڈالر کے قریب بنتی ہے۔

سوکر برگ کے بقول فیس بک میں ان کے حصص کا ننانوے فیصد حصہ ’چَین۔ سوکربرگ انیشی ایٹو‘ کو جائے گا۔ پرسیلا اور سوکربرگ نے کہا ہے کہ وہ دنیا کے بچوں کی آئندہ نسل کی بہتر نشوونما اور ترقی کی خاطر کچھ کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ سوکر برگ کے بقول ان کی بیٹی کے پیدائش کے دن یہ اعلان ان کے لیے زیادہ جذبات کا حامل ہو گیا ہے۔

پرسیلا اور سوکر برگ نے اپنے اس نئے خیراتی منصوبے کا اعلان دراصل ایک ایسے خط میں کیا ہے، جو انہوں نے اپنی نومولود بیٹی کے نام لکھا۔ سوکر برگ نے یہ خط بعد ازاں اپنے فیس بک کے اکاؤنٹ پر بھی شائع کیا۔ سوکر برگ کے اس پیغام کو بے شمار لوگوں نے پسند کیا۔ ان میں معروف گلوکارہ شکیرا، کیلی فورنیا کے گورنر آرنلڈ شیواٹزنیگر، مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کی اہلیہ ملینڈا گیٹس کے علاوہ کئی دیگر ممتاز اور معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔

Zuckerberg Chan Facebook Internet
پرسیلا اور سوکر برگ نے اپنے اس نئے خیراتی منصوبے کا اعلان دراصل ایک ایسے خط میں کیا ہے، جو انہوں نے اپنی نومولود بیٹی کے نام لکھاتصویر: picture-alliance/dpa

سوکر برگ نے منگل کے دن جاری کردہ اپنے اس پیغام میں اپنی بیٹی کی پیدائش کی خبر بھی عام کی۔ اگرچہ ان کی بیٹی ماکس کی پیدائش گزشتہ ہفتے ہوئی تھی لیکن انہوں نے اس خبر کو عوامی منظر نامے سے ابھی تک پوشیدہ ہی رکھا تھا۔ سوکر برگ اور ان کی اہلیہ کے بقول ان کی بیٹی کی پیدائش نے انہیں جینے کی ایک نئی امنگ دی ہے اور وہ اس خاص موقع پر اس کے لیے دنیا کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

یہ امر اہم ہے کہ اپنے حصص کا ایک بڑا حصہ عطیہ کرنے کے باوجود اکتیس سالہ سوکر برگ عالمی سطح پر فیس بک کے انچارج کے طور پر ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ انہوں نے خود کہا کہ وہ بہت سالوں تک اس سماجی رابطے کی ویب سائٹ کا چیف ایگزیکٹو رہنا چاہتے ہیں۔