1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیس بُک نے ڈائریکٹر آف پرائیویسی مقرر کر دیا

14 ستمبر 2011

سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بُک نے ڈائریکٹر آف پرائیویسی سمیت اہم عہدوں پر تقرریوں کا اعلان کیا ہے۔ فیس بُک کو صارفین کے تحفظ اور پرائیویسی سے متعلق مسائل کا سامنا رہ چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/12Yy6

کیلی فورنیا میں قائم کمپنی پالو آلٹو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرین ایگان اکتوبر کے وسط سے فیس بُک میں ڈائریکٹر آف پرائیویسی کا عہدہ سنبھال لیں گی۔ اس وقت وہ کووِنگٹن اینڈ برلنگ کمپنی میں وکیل برائے ڈیٹا سکیورٹی کی حیثیت سے کام کر رہی ہیں۔

فیس بُک کے منتظمین کا کہنا ہے کہ پرائیویسی، ڈیٹا سکیورٹی، غیر مطلوب پیغامات، سپائی ویئر، شناخت کے غلط استعمال اور صارفین کے تحفظ سے متعلقہ مسائل کے حوالے سے ایگان ریگولیٹری اور قانون سازی کا وسیع تر تجربہ رکھتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ وہ فیس بُک کے واشنگٹن کے دفتر میں فرائض انجام دیں گی۔

فیس بُک نے پبلک پالیسی کے ڈائریکٹر کےعہدے کے لیے بھی نئی تقرری کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے لوئیزا ٹیریل بھی اکتوبر ہی میں ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ وہ امریکی صدر باراک اوباما کی معاون خصوصی برائے قانون سازی رہ چکی ہیں۔ ٹیریل بھی فیس بُک کے واشنگٹن آفس میں فرائض انجام دیں گی۔

USA Computer Internet Facebook Microsoft
فیس بک کے سربراہ مارک زوکربرگرتصویر: AP

فیس بُک نے برسلز میں اپنے نئے دفتر کے سربراہ کے لیے بھی تقرری کا اعلان کیا ہے۔ اس عہدے کے لیے ایریکا مَن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ان کا تعلق جرمنی سے ہے اور وہ یورپین پارلیمنٹ کی سابق رکن ہیں۔ وہ یورپی اداروں کے ساتھ فیس بُک کی ترجمان کی حیثیت سے بھی کام کریں گی۔

خیال رہے کہ فیس بُک دنیا کی معروف ترین سوشل نیٹ ورکنگ سروس ہے اور اس کے صارفین کی تعداد سات سو پچاس ملین ہے۔

 

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں