1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹبال: کنفیڈریشنز کپ

رپورٹ :عابد حسین ، ادارت: ندیم گِل27 جون 2009

فٹ بال کے معتبر ٹورنامنٹ کنفیڈریشنز کپ کو عالمی کپ سے قبل مجموعی انتظامی صورت حال کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔ اِس دوران سٹیڈییم اور کھلاڑیوں کے رہنے سہنے کے بندو بست کو بھی عالمی ادارہ فیفا نظر میں رکھتا ہے۔

https://p.dw.com/p/IcJb
سن 2009 کےکنفیڈریشنز کپ کا خصوصی سرکاری گیند لوگو کے ساتھتصویر: picture-alliance / dpa

فٹ بال ٹورنامنٹ کنفیڈریشنز کپ کا فائنل اتوار کو جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ دِفاعی چیمپیئن برازیل اس میچ میں امریکہ کا سامنا کرے گا۔ اتوار کو تیسری پوزیشن کے میچ کا بھی اہتمام رُسٹن برگ میں ہے جہاں اسپین اور میزبان ملک جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

بظاہر دیکھا جائے تو یہ کہنا آسان ہو گا کہ اِتوار کا فائنل برازیل کی ٹیم جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ تاہم امریکہ کی ٹیم سیمی فائنل میں مضبوط ہسپانوی ٹیم کو ہرا کر چھپی رستم کہلانے لگی ہے اور کوئی پتا نہیں کہ وہ اندازوں اور ماہرانہ تبصروں کو غلط ثابت کردے۔ دوسری جانب سیمی فائنل میں برازیل کی ٹیم کا سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیل انتہائی مایُوس کُن قرار دیا گیا تھا۔ میچ میں کامیابی کو ایک چانس سمجھا گیا کیونکہ جتنے گول کرنے کے موقع ضائع کئے گئے ہیں وہ خاصے اہم ہیں۔ خراب کارکردگی کے باوجود میچ کے آخری لمحات میں ڈینیئل الویز کی جانب سے ہٹ معجزانہ طورپر گول میں پہنچ گئی اور کامیابی برازیل کے حصے میں آ گئی۔ الویز ٹیم میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میچ کے دوسرے حصے میں بھیجے گئے تھے۔

Fans
جنوبی افریقہ میں کنفیڈریشنز کپ کے میچوں کے دوران شائقینتصویر: Leonie March

اتوار کو فائنل میچ میں برازیل کے کاکا اور امریکہ کے لینڈن دونووان کا کھیل اہم ہو گا۔ کاکا آج کل فٹ بال کے عالمی منظر نامے پر انتہائی شہرت کے مالک ہیں۔ اُن کو فیفا کی جانب سے سن دو ہزار سات کا بہترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔ امریکی کھلاڑی لینڈن دونووان اپنے ملک کے لئے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے امریکہ کے لئے بین الاقوامی میچوں میں 40 گول کرنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔ وہ ایک طرح سے امریکی ہیرو شمار کئے جاتے ہیں۔

Confederations Cup Freiwillige Helfer
سن دو ہزار پانچ کنفیڈریشنز کپ جرمنی میں کھیلا گیا تھا،منتظمین لوگو کے ہمراہتصویر: dpa - Bildfunk

جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے کنفیڈریشنز کپ کےتمام گروپ میچ چار شہروں میں کھیلے گئے۔ اِن شہروں میں بلُوم فاؤنٹین، پریٹوریا، رُسٹن برگ کے علاوہ جوہانسبرگ شامل ہیں۔ ابتداء میں پورٹ الزبتھ کا شہرٹورنامنٹ میں رکھا گیا تھا مگر اُس کا نیلسن مینڈیلا اسٹیڈیم بروقت تیار نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے میچ منتقل کرنے پڑے۔

کنفیڈریشنز کپ ہر چار سال بعد کھیلا جاتا ہے۔ اِس میں فٹ بال کے نگران عالمی ادارے فیفا کی معاون علاقائی فیڈریشنوں (مختلف براعظموں کی فیڈریشن) کی چیمپئن ٹیمیں ہی شرکت کرتی ہیں۔ یہ ایک طرح سے عالمی فٹ بال کپ کی ابتدائی تیاری سمجھی جاتی ہے۔ آئندہ سال جنوبی افریقہ فٹ بال کے عالمی کپ کی میزبانی بھی کررہا ہے۔

سن 2005 کا کنفیڈریشنز کپ جرمنی میں کھیلا گیا تھا جس کی فاتح برازیل کی ٹیم تھی۔ اُس نے فائنل میں ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی تھی۔ جرمنی کی تیسری پوزیشن تھی۔

ابتداء میں اِس ٹورنامنٹ کا مُنتظم سعودی عرب تھا اور کِنگ فہد کپ نام کی ٹرافی فاتح ٹیم کو دی جاتی تھی۔ سن 1992 اور95 میں یہ ٹورنامنٹ اِس نام سے سعودی عرب میں کھیلا گیا اور بعد میں اِس کو کنفیڈریشنز کپ کا نام دیا گیا۔