1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فُٹ بال ورلڈ کپ 2010ء کے مقابلے شروع

11 جون 2010

جنوبی افریقہ میں ایک رنگا رنگ تقریب کے بعد فُٹ بال ورلڈ کپ کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں۔ پہلا میچ جوہانسبرگ میں میزبان جنوبی افریقہ اور میکسیکو جبکہ دوسرا کیپ ٹاوٴن میں فرانس اور یوروگوائے کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/NoX7
میکسیکو اور جنوبی افریقی ٹیموں کے مداحتصویر: picture-alliance/dpa

فُٹ بال کا عالمی کپ ٹورنامنٹ پہلی مرتبہ براعظم افریقہ میں منعقد ہو رہا ہے۔ اسی وجہ سے افریقہ بھر میں جشن کا سماں ہے۔ جوہانسبرگ، کیپ ٹاوٴن، پورٹ الیزیبتھ، پریٹوریا اور ڈربن سمیت جنوبی افریقہ کے دیگر شہروں میں فُٹ بال کھیل کے مداح خوشی سے جھوم رہے ہیں۔

Christiano Ronaldo
پرتگال ٹیم کے سُپر سٹار کرسٹیانو رونالڈوتصویر: DPA

فیفا نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی کُل بتیس ٹیموں کو آٹھ گروپوں میں تقسیم کیا ہے۔ میزبان جنوبی افریقہ اور فرانس کی ٹیمیں گروپ ’اے‘ میں جبکہ جرمنی اور آسٹریلیا گروپ ’ڈی‘ میں رکھی گئی ہیں۔

عالمی کپ فُٹ بال کے دوران شائقین کی نظریں پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو، انگلش سٹار وین مارک رونی اور جرمنی کے میروسلاف کلوزے اور باستیان شوائنس ٹائیگر جیسے کھلاڑیوں پر مرکوز رہیں گی۔

ادھر ارجنٹینا کے سابق فُٹ بال سٹار ڈیگو میراڈونا نے جنوبی افریقہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکھلاڑیوں سے تلقین کی کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچ ایک اچھے جذبے اور شفافیت کے ساتھ کھیلے جائیں۔ میراڈونا پر خود یہ الزام ہے کہ انہوں نے سن 1986ء کے عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف ہینڈ بال کے ذریعے گول کیا، جس کے بعد ارجنٹائن نے دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

Diego Maradona beim Spiel Argentinien Deutschland März 2010
ارجنٹائن فُٹ بال ٹیم کے سابق کپتان ڈیگو میراڈوناتصویر: AP

میراڈونا نے پریس کانفرنس میں مزید کہا:’’جب سن 1990ء میں ’فیئر پلے‘ کا نعرہ متعارف کروایا گیا تو کیمرون کے ساتھ ایک میچ میں مجھے اتنی زور سے دھکا مارا گیا کہ میرا سر مشکل سے محفوظ رہا۔‘‘

دریں اثناء جنوبی افریقی حکومت اور فُٹ بال ورلڈ کپ کے منتظمین نے جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کی ’گریٹ گرینڈ ڈاٹر‘ زینانی کی حادثاتی موت پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔ ساوٴتھ افریقی صدر جیکب زوما، فیفا کے صدر جوزف بلاٹر اور دیگر شخصیات نے نوبل امن انعام یافتہ منڈیلا کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی۔ نیلسن منڈیلا کی تیرہ سالہ ’گریٹ گرینڈ ڈاٹر‘ زینانی جمعہ کی صبح ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔ اس فیملی بحران کے باعث منڈیلا نے ورلڈ کپ فُٹ بال کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے معذرت بھی کی تھی۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: کشور مصطفیٰ