1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلپائن میں امن کی امید

13 مارچ 2007

فلپائن میں صدر گلوریا ارویا کی حکومت اور ملک کی سب سے بڑی گوریلا تنظیم مورو اسلامک لبریشن فرنٹ یعنی MILF کے مابین امن مزاکرات کے سلسلے میں موجودہ تعطل کے خاتمے کا امکان روشن ہوتا ہوا دکھائی دینے لگا ہے۔

https://p.dw.com/p/DYHJ
تصویر: AP


فلپائن کے جنوبی علاقے Mindanao میں باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان حالیہ خونریز جھڑپوں کے بعد امن بات چیت کو ناکامی سے بچانے کے لئے صدر Arroyo نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ MILF کے علاقوں میں فضائی اور زمینی حملوں سے گریز کرے۔ تاہم تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ دنیا کی اس طویل ترین مسلم بغاوت میں اب اتنی پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں کہ ان کا خاتمہ آسان ثابت نہیں ہو سکے گا۔ اس خانہ جنگی میں اب تک کوئی ایک لاکھ 25,000 افراد مارے جا چکے ہیں۔

پچھلے سال دسمبر میں غیر سرکاری بات چیت کے دوران حکومت نے قیام امن کے 30 سالہ امن میں پہلی بار Mindanao کی مسلم مورو آبادی کو علاقائی خود مختاری کی پیشکش کی تھی۔ بعد ازاں خود مختار مسلم علاقے کے رقبے کے معاملے پر اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔ لیکن اب MILF کے مطابق مفاہمت کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ Mindanao کے جنگلات میں واقع اپنے کیمپ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے MILF کے چیئرمین الحاج مراد نے سے کہا کہ
‘وہ اس پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں، اور ان کے خیال میں یہ Mindanao میں امن کی تلاش میں ایک اہم پیش رفت ہے‘

حکومتی مزاکرات کار Rodil کا کہنا ہے کہ ملکی کابینہ نے اس تجویز کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ایک خود مختار مسلم صوبے کو چند اہم شعبوں کے سوا بقیہ تمام میں حکومت سازی کا اختیار ہو گا۔اس تجویز پر ممکنہ طور پر اگلے چند ہفتوں یا مہینوں کے دوران ملیشیا کی ثالثی میں بات چیت ہو سکتی ہے۔ ماہرین اور MILF دونوں کا ماننا ہے کہ کسی بھی امن معاہدے تک پہنچنے کے لئے حکومت کو لازمی طور پر ملک کی بااثر افواج کو باغیوں پر حملوں سے روکنا ہو گا۔ ایک اور مسئلہ وہاں کے طاقتور مسلم قبائلوں کا بھی ہے جنھوں نے اپنے اختیارات اور کنٹرول برقرار رکھنے کے لئے مقامی فوجی کمانڈروں کے ساتھ مل کر MILF کے خلاف ایک غیر رسمی اتحاد قائم کر رکھا ہے۔ دراصل Mindanao کا علاقہ غیر دریافت شدہ قدرتی زخائر کے اعتبار سے جنوب مشرقی ایشیا کا امیر ترین علاقہ ہے۔ وہاں دائمی امن کی صورت میں اربوں ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔