1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فضل الرحمان پر خود کش حملہ، بال بال بچ گئے

31 مارچ 2011

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایک خود کش حملے میں بال بال بچ گئے۔ حملے میں تین پولیس اہلکاروں اور دو خواتین سمیت 13افراد ہلاک اور 42 زخمی ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10lLu
تصویر: Abdul Sabooh

پولیس حکام کے مطابق حملہ چارسدہ میں مولانا فضل الرحمان کے استقبالی جلوس پرکیا گیا۔ گزشتہ روز صوابی میں بھی ان پر ایک خود کش حملہ کیا گیا تھا۔ جمیعت علمائے اسلام کے رہنما عبدالجلیل جان نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ’’بم دھماکہ اس وقت ہوا، جب مولانا فضل الرحمان کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔ وہ ایک عوامی اجلاس میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ مولانا اس حملے میں بالکل محفوظ ہیں اور صحیح سلامت ہیں۔‘‘

Pakistan Maulana Fazlur Rehman Führer der Jamiat-e-Ulama-e-Islam
فضل الرحمان کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ امریکی ایماء پر ہونے والے فوجی آپریشن بند کیے جائیںتصویر: Abdul Sabooh

مولانا فضل الرحمن مردان میں جلسہ سے خطاب کرنا تھا اور ان کے استقبال کے لیے چارسدہ میں ڈی سی او آفس کے قریب ایک کیمپ لگایا گیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش بمبار نے فضل الرحمان کے قافلے میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ان کے مطابق دھماکہ ہوتے ہی چاروں طرف بھگدڑ مچ گئی اور قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق وہاں قریب ہی کھڑی پولیس وین بھی دھماکے سے تباہ ہوگئی۔ مقامی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں انسپکٹر سمیت تین پولیس اہلکاراوردوخواتین بھی شامل ہیں۔ ڈی پی او چارسدہ نثار مروت کے مطابق جائے وقوعہ پر فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ اورلیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاورمنتقل کیا گیا ہے۔ ڈی پی او نثارمروت کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 12 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔

عبدالجلیل جان کا مزید کہنا ہے، ’’خودکش حملہ آور کا نشانہ مولانا فضل الرحمان تھے۔ ہمیں نہیں معلوم کو ان کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘‘

پاکستان میں گزشتہ برسوں کے دوران متعدد سیاسی رہنماؤں پر حملے کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل ملک کے واحد اقلیتی وزیر شہباز بھٹی اور پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر بھی کو بھی قتل کیا جا چکا ہے۔

پاکستانی فوج افغانستان سے ملحقہ سرحد پر عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ عسکریت پسندوں کی طرف سے پاکستان بھر میں حملےکیے جا رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ امریکی ایماء پر ہونے والے فوجی آپریشن بند کیے جائیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ امریکی مخالفت کے باوجود انہیں کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عدنان اسححاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں