1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فار مولا ون، تنازعات کا شکار

عابد حسین / کشور مصطفیٰ13 جون 2009

کھییل کی دنیا میں تجسس اور سنسنی خیزی سے عبارت فارمولا ون کار ریسنگ میں آج کل نت نئے مسائل سامنے آ رہے ہیں۔ اختلافات کی خلیج وسیع ہونے سے اِس کے نگران ادارے میں تقسیم کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/I8UK
فارمولا ون کار ریسنگ کا ایک منظرتصویر: AP

سالانہ بجٹ کے معاملے پر فارمولا ون کار ریسنگ میں شدید اختلافات بحران کی صورت اختیار کرچکے ہیں اورابھی تک تنازعے کے حل کے آثار دکھائی نہیں دے رہے۔ کچھ دِن قبل ایسے امکانات اور بیانات سامنے آنا شروع ہو گئے تھے جن سے محسوس ہونے لگا تھا کہ کوئی سمجھوتا طے پا جائے گا لیکن اب یہ بھی دور کی بات دکھائی دے رہا ہے۔

Max Mosley
فارمولا ون کار ریسنگ فیڈریشن کے صدر میکس موزلےتصویر: picture-alliance/ dpa

اختلافات کے مسئلے پر تازہ پیش رفت یہ ہے کہ یورپی کارساز اداروں نے فارمولا ون ریسنگ میں شرکت کرنے والی مختلف ٹیموں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یورپی آٹو موبیل مینو فیکچررز ایسو سی ایشن جو عالمی سطح پر ACEA کے نام سے جانی جاتی ہے ،کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ فارمولا ون کار ریسنگ کے سلسلے میں ادارے کا انتظامی نظام موجودہ صورت حال میں جاری نہیں رہ سکتا اور انتباہ کیا ہے کہ اگر معاملات حل نہ ہوئے تو فارمولا کا ریسنگ کے عالمی ادارے کے مقابلے پر ایک اور گروپ برابری کی سطح پر اِس سپورٹس کی ترویج شروع کر سکتا ہے۔ یورپی کار ساز اداروں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فارمولا ون کے بین الاقوامی انتظامی امور کی نگرانی انتہائی شفاف اور جدید خطوط پر کی جانا وقت کی ضرورت ہے۔

Barrichello vorn
فارمولا ون ٹریک پر فراری گاڑی، سرخ رنگت والیتصویر: AP

اس بیان کو فارمولا ون کار ریسنگ کے عالمی ادارے کے سربراہ میکس موزلے پر ڈھکی چھپی تنقید تصور کیا جا رہا ہے۔ یورپی کار ساز اداروں کی تنظیم میں جرمنی، اٹلی کے علاوہ دوسری بڑی کار بنانے والی کمپنیاں شامل ہیں۔ اِس میں ٹرک بنانے والے ادارے بھی شامل ہیں۔

میک موزلے کو بھی اِس معاملے کی شدت کا یقیناً اندازہ ہو گا اور وہ شدید دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ اُن کی طرف سے اِس ماہ کے آخر میں عالمی نگران ادارے کے سربراہ کے الیکشن میں حصہ لینے کے اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ اگر وہ الیکشن میں شرکت کا اعلان کر تے ہیں تو وہ جیت کی صورت میں پانچویں مدت کے لئے اپنے عہدے کو جاری رکھ سکیں گے۔ فارمولا ون کار ریسنگ میں سالانہ بجٹ اور دیگر قوانین کے تناظر می کھڑے ہونے والے تنازعے کے بعد اِس میں شرکت کرنے والی کار ٹیموں نے بھی اپنی انجمن بنا لی ہے جو فوٹا کہلاتی ہے۔ یعنی فارمولا ون ٹیمز ایسوسی ایشن۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ موجودہ تنازعے کی روشنی میں میکس موزلے کو اگلے الیکشن میں شرکت اور کامیابی کے حوالے سے کئی سخت سوالات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

BdT, Motorsport, Formel 1 Rennen Grand Prix in Hockenheim
فارمولا ون کار ریسنگ، سنسنی خیزی اور گلیمر سے عبارت ہے۔تصویر: AP

فارمولا ون کار ریسنگ میں بجٹ اور قوانین کے تنازعے کے بعد اب ایک اور نئی اختلافی بات سامنے آئی ہے۔ فارمولا ون ادارے کی جانب سے اگلے سال مقابلوں میں شرکت کرنے والی گاڑیوں کی فہرست میں فراری کو بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ اُس کی رضامندی کے خلاف ہے۔ فراری انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا جا چکا ہے کہ اگر موجودہ صورت حال فراری انتظامیہ کے اِطمِنان کے مطابق جلد حل نہیں ہو تی تو اُس کی گاڑی اگلے سال فارمولا ون کار مقابلوں میں شریک نہیں ہو گی۔

ریڈ بُل اور تورو روسو گاڑیوں کی انتظامیہ نے بھی ٹیموں کی ایسوسی ایشن کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا ہے حالانکہ اُن کو فارمولا ون ادارے کی جانب سے بغیر کسی پیشگی شرط کے اگلے سال کے مقابلوں میں شرکت کا پروانہ جاری ہو چکا ہے۔ دوسری جانب کئی اور گاڑیوں کو ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اگلے سال کے لئے شرکت کے کاغذات جمع کروا سکیں۔

فارمولا ون کارٹیموں کی ایسوسی ایشن نے موٹر سپورٹس کی عالمی کونسل اور فارمولا ون ادارے کے سینٹ کو بھی موجودہ صورت حال میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔ اِن اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ معاملات کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے اِس تنازعے کو حل کرنے میں فریقین کی معاونت کریں۔ اِن اداروں کو لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر معاملات حل نہ ہوئے تو کار ٹیموں کی تنظیم متوازی سطح پر بندوبست کرنے کا اعلان کر سکتی ہے جس سے عالمی ادارے کی تقسیم ممکن ہے۔ کار ٹیموں کی تنظیم جلد ہی اپنے تحفظات اور اعتراضات کے حوالے سے مفصل بیان جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔