1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فاتح میرکل کو عالمی رہنماؤں کی مبارکباد

28 ستمبر 2009

جرمن پارلیمانی انتخابات میں سی ڈی یو کی کامیابی کے ساتھ ہی عالمی رہنماؤں کی جانب سے انگیلا میرکل کے لئے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/JqOI
’’جرمنی اور امریکہ کے قریبی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔‘‘: وائٹ ہاؤستصویر: AP

امریکی صدر باراک اوباما نے جرمن چانسلر میرکل کی فتح پر انہیں ٹیلی فون پر مبارکباد دی۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما اور چانسلر میرکل نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس کامیابی سے جرمنی اور امریکہ کے باہمی تعلقات مزید بہتر اور گہرے ہوں گے۔ وائٹ ہاوٴس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمنی اور امریکہ دنیا بھر میں آزادی، سلامتی اور ترقی کے سب سے بڑے حامی ہیں۔

برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے میرکل کی فتح کے بعد اس امید کا اظہار کیا ہے کہ برطانیہ اور جرمنی کے قریبی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ دس ڈاؤننگ اسٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں گورڈن براؤن نے چانسلر میرکل کو مبارکباد دی ہے۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ براوٴن جرمنی کے ساتھ قریبی تعلقات میں مزید فروغ اور استحکام کے لئے میرکل کے ساتھ ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔

فرانسیسی صدر نکولا سرکوزی نے بھی انگیلا میرکل کو الیکشن جیتنے پر مبار کباد دی ہے۔ سرکوزی نے کہا کہ جرمن عوام نے دوسری مدت کے لئے میرکل پر اعتماد کرکے ان سے بہت ساری امیدیں اور توقعات وابستہ کر لی ہیں۔ سرکوزی نے کہا کہ وہ میرکل کے ساتھ بین الاقوامی اور علاقائی مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : گوہر نذیر