1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غلام نبی فائی پر فرد جرم آج متوقع

7 دسمبر 2011

امریکی کی ایک عدالت آج بدھ کو کشمیر کونسل آف امریکہ کے سابق سربراہ ڈاکٹرغلام نبی فائی پر متوقع طور پر فرد جرم عائد کر دے گی۔ ان پر پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے لیے مسئلہ کشمیر پرغیر قانونی لابنگ کا الزام ہے۔

https://p.dw.com/p/13O9h
ڈاکٹرغلام نبی فائیتصویر: AP

رواں برس جولائی میں امریکہ سے گرفتار کیے گئے 64 سالہ غلام نبی فائی پر الزام ہے کہ انہوں نے امریکی کانگریس میں مسئلہ کشمیر پرغیر قانونی طور پرلابنگ کرنے کی غرض سے آئی ایس آئی سے لاکھوں ڈالرز وصول کیے۔ غیر سرکاری ادارے کشمیر کونسل آف امریکہ کے چیف ایگزیکٹیو غلام نبی فائی کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ وہ امریکہ میں مسئلہ کشمیر پر حمایت حاصل کریں۔

غلام نبی فائی کو بدھ کو الیگزینڈریہ کی ایک ضلعی عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ایف بی آئی کی طرف سے عدالت میں جمع کروائے گئے بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ فائی نے پاکستانی خفیہ اداروں سے سالانہ بنیادوں پر پانچ تا سات لاکھ ڈالرز وصول کیے۔ بیان حلفی کے مطابق فائی نے کشمیر پر لابنگ کے لیے خود کو ایک آزاد کارکن ظاہر کیا اور مبینہ طور پر آئی ایس آئی سے وصول کی گئی رقوم کو خفیہ رکھا۔

Mann am Fenster in Kashmir
مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے مابین سیاسی اختلافات کی ایک بنیادی وجہ تصور کیا جاتا ہےتصویر: UNI

عدالت میں بدھ کو متوقع طور پر عائد کی جانے والی فرد جرم کے بارے میں زیادہ معلومات عام نہیں کی گئی ہیں۔ امریکی اٹارنی کے ترجمان پیٹر کار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ وہ قبل ازوقت اس بارے میں عوامی سطح پر کوئی بیان جاری نہیں کر سکتے، تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ اس حوالے سے عدالتی کارروائی کی تاریخ طے کی جا چکی ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق امکان ہے کہ غلام نبی فائی پر سازش کے الزامات عائد کیے جائیں گے اور اگر یہ ثابت ہو گئے تو ممکنہ طور پر انہیں پانچ برس کی سزائے قید سنائی جا سکے گی۔ گرفتاری کے فوری بعد فائی پر الزامات عائد کیے گئے تھے کہ انہوں نے غیر ملکی حکومت کے ایجنٹ کے طور پر اپنا اندراج نہیں کرایا تھا۔

بیان حلفی کی مطابق بھارتی نژاد غلام نبی فائی گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے مسئلہ کشمیر پر امریکہ میں عوامی رائے اور کانگریس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ فائی کی طرف سے کی جانے والی ان کوششوں میں آئی ایس آئی رہنمائی مہیا کرتی تھی۔

جب فائی کو گرفتار کیا گیا تھا تو امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے نے کہا تھا کہ انہیں ایسی کوئی معلومات نہیں ہیں کہ فائی اور آئی ایس آئی کے مابین رابطے ہیں۔ یہ بھی کہا گیا تھا کہ فائی پاکستانی شہری نہیں ہیں اور اسلام آباد حکومت فائی سے لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں