1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ میں خونریز جھڑپیں جاری

19 دسمبر 2006

غزہ میں حماس اور الفتح کے حامیوں کے درمیان فائر بندی کے معاہدے کے باوجود خونریز جھڑپیں جاری ہیں جن میں الفتح کے دو اور حماس کا ایک حامی ہلاک ہو گیا ہے۔ جبکہ ساتھ بچوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

https://p.dw.com/p/DYI2
تصویر: AP

فلسطینی صدر محمود عباس قبل از وقت انتخابات کے خواہاں ہیں جبکہ حماس نے ان کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔دوسری طرف برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین میں سرمایہ کاری اور فلسطینی عوام کی امداد کے لئے کوئی حل تلاش کریں۔ ٹونی بلیئر نے صدر محمود عباس کے قبل از وقت انتخابات کرانے کے فیصلے کی بھی حمایت کی ہے۔ برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر اپنے مشرق وسطی کے دورے کے دوران اب متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں جہاں وہ متحدہ عرب امارات کے حکام پر یہ زور ڈالیں گے کہ وہ مشکل میں پھنسے ہوئے عراقی اور فلسطینی رہنماؤں کی حمایت اور امداد کریں۔ ٹونی بلیئر اس وقت مشرق وسطی میں امن کے عمل کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے علاقے کے دورے پر ہیں اور اس سلسلے میں وہ متحدہ عرب امارات کو بہت اہمیت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ادھر امریکہ کی وزارت دفاع نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ عراق میں اگست سے نومبر تک کے مہینے میں تشدد اپنے پورے عروج پر پہنچ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان مہینوں میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں 22 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ امریکی وزارت دفاع کی یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نئے امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے اس بات سے خبردار کیا ہے کہ عراق میں ناکام ایسی مصیبت میں تبدیل ہو سکتی ہے جو برسہا برس تک امریکہ کا پیچھا نہیں چھوڑے گی۔ اس رپورٹ کے مطابق شیعہ رہنما مقتدا الصدر کی فوج عراق میں امن و استحکام کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔