1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’عراق کو داعش سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا گیا‘

افسر اعوان خبر رساں ادارے
9 دسمبر 2017

عراقی فورسز کے مطابق ملکی سر زمین کو دہشت گرد تنظیم داعش کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان عراقی فوج کے ایک سینیئر کمانڈر نے آج ہفتہ نو دسمبر کو کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2p5Ql
عراقی وزیراعظم حیدر العبادیتصویر: Reuters/K. al Mousily

داعش کے خلاف فوجی آپریشن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالامیر یاراللہ کے مطابق، ’’داعش کے مجرم گروہوں کے چنگل سے عراقی سر زمین کو مکمل طور پر چھڑا لیا گیا ہے۔‘‘ ملک کے مغربی صوبہ انبار سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق عراقی جنرل کا مزید کہنا تھا، ’’ہمارے بہادر فوجیوں نے شام اور عراق کے درمیان بین الاقوامی سرحد پر اپنا کنٹرول مضبوط بنا لیا ہے۔‘‘

داعش کے خلاف فتح کا یہ اعلان عراقی فورسز کی طرف سے گزشتہ تین ہفتے سےجاری اس فوجی آپریشن کا اختتام بھی ہے، جو شامی سرحد کے قریب بڑے صحرائی علاقے سے داعش کے جنگجوؤں کے خاتمے کے لیے جاری تھا۔ اس آپریشن میں عراقی فورسز کو امریکی سربراہی میں قائم اتح‍اد کی فضائی مدد بھی حاصل تھی۔

Irak verwundete und verletzte Soldaten
عراق کے وسیع علاقے پر قبضہ کرنے والے دہشت گرد گروپ داعش کے خلاف عراقی فورسز گزشتہ تین برس سے کارروائی میں مصروف تھیں۔تصویر: Ahmed Adel

قبل ازیں آج ہفتہ نو دسمبر کو عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے بھی اس علاقے میں داعش کے خلاف فتح کا اعلان کیا تھا۔ بغداد میں عراقی وزیر اعظم کا کہنا تھا، ’’میں یہ خوشخبری تمام عراقی عوام تک پہنچانا چاہتا ہوں کہ شامی سرحد کے قریب جزیرہ کے علاقے میں داعش کو مکمل طور پر شکست دے دی گئی ہے۔۔۔ اور یہ فتح عراقیوں کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے۔‘‘ العبادی کا مزید کہنا تھا، ’’یہ فتح صرف اور صرف عراقی عوام ہی کی نہیں بلکہ عربوں، مسلمانوں اور پوری دنیا کی فتح ہے۔‘‘

عراق کے وسیع علاقے پر قبضہ کرنے والے دہشت گرد گروپ داعش کے خلاف عراقی فورسز گزشتہ تین برس سے کارروائی میں مصروف تھیں۔

داعش کو شکست دینے پر امریکا کا خیر مقدم

عراقی حکام کی جانب سے داعش کو مکمل طور شکست دینے کے اعلان پر امریکا کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کی خاتون ترجمان ہیتھر نوئرٹ کے مطابق، ’’عراقی اعلان اس بات کا اشارہ ہے کہ داعش کی عراق میں خود ساختہ خلافت کے آخری نشانات کو بھی مٹا دیا گیا ہے اور اس علاقے میں داعش کے ظالمانہ قبضے میں موجود عوام کو آزاد کرا لیا گیا ہے۔‘‘