عجیب طرح کا سفر اور منفرد ہوٹل
ایک اطالوی انجینیئر نے تقریباﹰ ایک کلومیٹر طویل ایک ایسے بحری جہاز کا ڈیزائن تیار کیا ہے، جو ریڑھ کی ہڈی کی طرح کا دکھائی دیتا ہے۔ تاہم مستقبل کا یہ بحری جہاز نما ہوٹل فطرت سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہو گا۔
جہاز رانی کا نیا انداز
آج کے دور میں سیاحت کے لیے استعمال ہونے والے بحری جہاز خاصے تیز رفتار ہوتے ہیں اور ماحول کونقصان پہنچانے کا سبب بنتے ہیں۔ اطالوی انجینیئر جیالوکاسانتوسوسو کہتے ہیں کہ وہ اسےتبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا ڈیزائن کیا ہوا ’مورفوٹل‘ انتہائی سست رفتار ہو گا اور توانائی بھی بہت کم استعمال کرے گا۔
نئی طرز کی آسائش
جیالوکاسانتوسوسو کہتے ہیں، ’’جب انسان کے پاس سب کچھ ہوتا ہے، تبھی آسائشوں سے اچھے انداز میں لطف اندوز بھی ہوا جا سکتا ہے۔‘‘ ان کے مطابق پانی پر تیرتے اس ہوٹل میں وہی لوگ سفر کر سکتے ہیں، جن کے پاس وقت ہو گا۔ اس لیے کہ یہ جہاز بہت سست رفتاری سے سفر کرے گا اور اسے ایک سے دوسری منزل تک پہنچنے میں کئی مہینے لگیں گے۔
تحفظ ماحول
یہ جہاز ایک سانپ کی طرح سمندروں میں سفر کرے گا۔ روشنی شمسی توانائی سے حاصل کی جائے گی جبکہ بجلی کے لیے ہوٹل کے دونوں کونوں پر ہائیڈرو پلانٹ نصب ہوں گے۔ بارش کے پانی کو بھی ذخیرہ کیا جائے گا جبکہ جہاز پر موجود باغات میں سبزیاں اور پھل اگائے جائیں گے۔
فطرت سے قریب تر
’مورفوٹل‘ میں ایسے کئی مقامات ہیں، جہاں دوسرے جہاز بھی اس سے منسلک ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ ہیلی کاپٹر کے لیے بھی ایک جگہ مخصوص ہو گی۔ یہ سہولتیں ان افراد کے لیے ہیں، جن کے لیے سفر طوالت اختیار کر گیا ہو گا۔ اس جہاز میں اپنی ساخت تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی ہو گی۔
تکنیک اور ڈیزائن
اطالوی انجینیئر جیالوکاسانتوسوسو لندن میں رہتے ہیں۔ انہوں نے تحفظ ماحول کے تقاضوں کا مکمل جائزہ لیتے ہوئے یہ ہوٹل ڈیزائن کیا ہے۔ اس میں ٹیلوں پر گھر بنے ہوں گے جبکہ ہوا کی رفتار اور رخ بھی مسلسل تبدیل ہوتے رہیں گے۔
پیچیدگی کی وضاحت
کمپیوٹر کی مدد سے انہوں نے ہوا کا تجزیہ کیا۔ وہ کہتے ہیں، ’’فطرت یا نیچر بہت پیچیدہ ہوتی ہے۔ ہمیں طاقت ور کمپیوٹرز کا شکر گزار ہونا چاہیے، جن کے ذریعے ہم قدرتی عمل کی مکمل طور پر ماڈلنگ کر سکے ہیں اور اسے اپنا سکنے کے قابل ہوئے ہیں۔‘‘ ٹیلوں پر بنے گھروں میں سے گزرنے والی ہوا متوازن اور مناسب درجہ حرارت کا سبب بنے گی۔
توانائی کے حوالے سے خود کفیل
مستقبل کے حوالے سے اب تک جتنے بھی منصوبے بنائے گئے ہیں، ان میں توانائی کے استعمال کو اہم ترین تصور کیا جا رہا ہے۔ تیرنے والا یہ ’مورفوٹل‘ توانائی کے شعبے میں خود کفیل ہو گا۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی پلانٹ میں سمندری کائی اور پودوں کے ذریعے بائیو ڈیزل بنایا جائے گا۔ اس سے بھی ہوٹل کے رہائشیوں کی بجلی کی ضروریات پوری کی جا سکیں گی۔
ایک ڈیزائن سے زیادہ نہیں
بہت سے زاویوں سے ’مورفوٹل‘ کا منصوبہ حقیقت کے قریب تر لگتا ہے۔ تاہم اطالوی انجینیئر جیالوکاسانتوسوسو اس سے قبل اپنے کسی بھی منصوبے کو حقیقت کا رنگ نہیں دے سکے۔ وہ اپنے اس ’تیرتے ہوئے ہوٹل‘ سے سیاحت کے شعبے میں بڑی تبدیلی کی امید کر رہے ہیں۔
امید و یقین
سیاحت کے شعبے سے وابستہ متعدد کاروباری اداروں نے جیالوکا سانتوسوسو کے اس منصوبے میں سرمایہ کاری کی حامی بھری ہے۔ لیکن اس کے لیے رقم ابھی جمع نہیں ہو سکی۔ وہ کہتے ہیں، ’’مجھے یقین ہے کہ ’مورفوٹل‘ کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا اور شاید اس قسم کا ایک چھوٹا سا ہوٹل جلد ہی متعارف کرا دیا جائے۔‘‘