1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی مالیاتی بحران میں کرپشن کا عمل انگیز کردار

23 ستمبر 2009

جمعرات کے روز امریکی شہر پٹسبرگ میں جی 20 ممالک کے اجلاس سے قبل ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنی تازہ رپورٹ میں مطالبہ کیا ہے کہ عالمی پالیسی ساز اداروں کو اس اجلاس میں نجی کمپنیوں میں کرپشن کے خاتمے پر زور دینا چاہئے۔

https://p.dw.com/p/JnYR
تصویر: AP

دنیا بھر میں کرپشن کے خلاف کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشل نے آج اپنی تازہ ترین رپورٹ جاری کردی ہے۔ برلن اور نیویارک سے ایک ہی وقت میں جاری کی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجی کمپنیوں میں موجود بدعنوانی کے عنصر نے اس سال عالمی مالیاتی بحران کو مزید گہرا کرنے میں عمل انگیز کا کردار ادا کیا۔

Transparency International Logo

برلن میں قائم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی اس دستاویز کا عنوان 2009 ء کی گلوبل فنانشل رپورٹ ہے۔ اس غیرسرکاری تنظیم کے عالمی پروگرام کے ڈائریکٹر کرسٹیان پورٹ مین نے کہا کہ کرپشن اور کمپنیوں میں دیانت داری کی کمی ہی دراصل عالمی معاشی بحران کی بنیادی وجوہات ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجی کمپنیوں نے اپنی انتظامیہ میں کرپشن پر قابو پانے کے لئے کچھ اقدامات کئے ہیں تاہم یہ عالمی مالیاتی نظام کی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے ناکافی ہیں۔ پورٹ مین نے کہا کہ کمپنیوں کی کارکردگی کو جانچنے والے اداروں نے اب تک اپنے کچھ ذاتی مفادات کی خاطر بین الاقوامی کمپنیوں میں کرپشن کے واضح عنصر کو مبینہ طور پر نظر انداز کیا ہے۔

ٹرانپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ بین الاقوامی اداروں میں کرپشن کو کم کرنے سے کہیں زیادہ آگے کا ہے اور اب پالیسی ساز اداروں کو عالمی اقتصادی نظام کو درپیش خطرات سے بچانے کے ساتھ ساتھ صنعتی ممالک میں جاری اصلاحات کے عمل کو بھی مضبوط بنانا ہوگا۔

رپورٹ میں نجی کمپنیوں کے مالکان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہر سال اپنی کمپنیوں میں کرپشن کو ختم کرنے سے متعلق کئے گئے اقدامات پر رپورٹیں شائع کیا کریں، جن میں ان کی طرف سے ذاتی مفادات کی بنیاد پر سیاسی جماعتوں کو دی گئی امداد کی تفصیلات سے لے کر حکومتی اداروں میں لابینگ پر خرچ کئے جانے والے فنڈز کے اعداد و شمار بھی شامل ہوں۔

ادھر امریکی شہر پٹسبرگ میں جمعرات کو جی 20 ممالک کی سربراہ کانفرنس شروع ہورہی ہے، جس میں بڑے اور چھوٹے صنعتی ممالک کے سربراہان مستقبل میں کسی بھی طرح کے ممکنہ اقتصاتی بحران سے بچنے کے لئے مالیاتی قوائد و ضوابط طے کریں گے۔ ٹرانپیسرنسی انٹرنیشنل کے پروگرام ڈائریکٹر کرسٹیان پورٹ مین نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جی 20 ممالک کی اس کانفرنس میں دنیا بھر میں کرپشن کے خلاف کی جانے والی کوششوں کو کامیاب بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: گوہر نذیر گیلانی