1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی شہرت یافتہ کمپنی کی فیشن ایبل عبائیہ کولیکشن جاری

9 جنوری 2016

خواتین فیشن کے لیے مشہور اطالوی کمپنی ڈولچے اینڈ گبانا نے اپنی عبائیہ کولیکشن متعارف کروا دی ہے۔ اس کے ڈیزائن کردہ عبائیہ مشرقِ وسطیٰ کے اہم شہروں کے علاوہ بعض یورپی شہروں میں بھی دستیاب ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/1Hae6
تصویر: Mahmud Turkia/AFP/Getty Images

ڈولچے اینڈ گبانا نے مسلم ملکوں کی خواتین کے لیے عبائیہ اور حجاب کی کولیکشن کو پہلی مرتبہ عام کر دیا ہے۔ اِس کو عبائیہ لائن کا نام دیا گیا ہے۔ یہ مشرقِ وسطیٰ کے تمام اہم شہروں میں اِس برینڈ کے اسٹورز یا شاپنگ مال میں دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ میلان، لندن، میونخ اور پیرس میں ڈی اینڈ جی (D&G) کے اسٹورز پر عبائیہ لائن کے مختلف انداز خاص طور پر عرب دنیا کی خواتین کے منتظر ہیں۔ ڈی اینڈ جی کا خیال ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی اشرافیہ کے ساتھ ساتھ دوسرے لوگ بھی اُن کی عبائیہ لائن کو پسند کریں گے۔

مشہور ماڈل گرل ماریا ادریسی کا خیال ہے کہ ڈولچے اینڈ گبانا کا عبائیہ کو متعارف کروانا فیش کی دنیا میں ایک انتہائی بڑی مثبت پیش رفت ہے اور اِس باعث یہ برینڈ یقینی طور پر مشرقِ وسطیٰ کی بڑی مارکیٹ میں اشرافیہ کی خواتین کو اپنی جانب راغب کرنے میں کامیابی حاصل کرے گا۔ ادریسی نے برطانوی اخبار ڈیلی ٹیلیگراف کو ڈولچے اینڈ گبانا کی اختراع کے حوالے سے بتایا کہ عبائیہ متعارف کرواتے ہوئے اِس برینڈ کے ڈیزائنروں کے ذہن میں یہ بات ضرور تھی کہ مشرقِ وسطیٰ کی مسلمان خواتین کس طرح اپنے من پسند فیشن پر پیسہ لٹانے کے لیے ہر دم تیار رہتی ہیں۔

Domenico Dolce Stefano Gabbana
اطالوی ڈیزائنز ڈومینیکو ڈولچے اور اسٹیفانو گباناتصویر: picture-alliance/dpa

ڈولچے اینڈ گبانا سے قبل کئی فیشن ایبل برینڈ مشرقِ وسطیٰ کی خواتین کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے عبائیہ متعارف کروا چکے ہیں۔ ان میں اوسکار ڈی لا رینٹا، ڈی کے این وائی اور ٹومی ہِلفگر نمایاں ہیں۔ جاپان کے مشہور برینڈ انکیلو نے بھی گزشتہ برس برطانوی ڈیزائنر حنا تاجیما کو خاص طور پر اپنے ساتھ منسلک کیا تھا تاکہ وہ بھی عبائیہ کی ڈیزائنگ کر سکے۔ سویڈن کے اسٹور ایچ اینڈ ایم (H&M) نے سب سے پہلے حجاب پہنے ہوئی ماڈل ماریا ادریسی کو پیش کیا تھا۔

ڈولچے اینڈ گبانا کے ترجمان نے عبائیہ لائن کے حوالے سے کہا کہ اِس کو متعارف کرواتے وقت کوئی خاص بات سامنے نہیں رکھی گئی تھی۔ ترجمان کے مطابق ماضی میں چین، برازیل، جاپان اور میکسیکو کی خواتین کے مقامی پہناووں کے تناظر میں جدید ترش خراش کے لباس متعارف کروائے گئے تھے اور عبائیہ لائن بھی اِسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

خواتین فیشن ڈیز ائنروں کا خیال ہے کہ ڈولچے اینڈ گبانا کے عبائیہ کے ساتھ مناسب اونچی ہیل کے جوتے بہت بھائیں گے۔ ڈی اینڈ جی کو سن 1985 میں قائم کیا گیا تھا۔ اِس کو قائم کرنے والے اطالوی ڈیزائنز ڈومینیکو ڈولچے اور اسٹیفانو گبانا تھے۔ انہوں نے میلان میں اپنی ملاقات میں اِس برینڈ کو خاص طور خواتین کے فیشن کے لیے مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔