1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صومالی قزاقوں نے مزید تین جہاز اغوا کر لئے

30 دسمبر 2009

صومالی قزاقوں نے مزید تین بحری جہاز اغوا کر لئے ہیں۔ ان میں ایک کیمیکل ٹینکر بھی شامل ہے۔ یوں یہ قزاق خلیج عدن میں تعینات غیرملکی بحری بیڑوں کی ناکامی کا عندیہ دیتے ہوئے سال ختم کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/LGsV
تصویر: picture alliance / dpa

2009 میں انہوں نے متعدد جہاز اغوا کئے اور اس کے نتیجے میں تاوان کے طور پر لاکھوں کمائے۔

برطانیہ کا جہاز سینٹ جیمز پارک ان بحری ڈاکوؤں کا نیا شکار بنا ہے، جس کے عملے کے 26 افراد کو بھی یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ مشرقی افریقہ میں جہاز رانوں کے امدادی پروگرام کے مطابق اس جہاز پر قبضہ پیر کو کیا گیا۔ یہ جہاز اسپین سے تھائی لینڈ جا رہا تھا اور اغوا سے قبل آخری مرتبہ سعودی عرب میں جدہ کی بندرگاہ پر رکا تھا۔ اس کے عملے میں روس، یوکرائن، بلغاریہ، رومانیہ، فلپائن، پولینڈ، جارجیا، بھارت اور ترکی کے شہری شامل ہیں۔

Fregatte "Karlsruhe" während des Einsatzes im Mittelmeer im Oktober 2006
متعدد بین الاقوامی مشن قزاقواں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہیںتصویر: picture alliance/dpa/PIZ/Marine Ann-Katrin Winges

پیر ہی کو صومالی قزاقوں نے یونان کا ایک مال بردار جہاز بھی قبضے میں لے لیا، جس پر 52 ہزار ٹن کھاد لدی ہوئی تھی اور جو امریکہ سے بھارت جارہا تھا۔ اس پر یونانی کپتان کے ساتھ عملے کے 18 فلپائنی شہری سوار تھے۔ اس جہاز سے ایک پیغام موصول ہوا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مسلح افراد دو اسپیڈ بوٹس پر آئے اور انہوں نے دو اطراف سے جہاز پر حملہ کیا۔

صومالی قزاقوں نے یمن کا ایک بحری جہاز بھی اس کے عملے کے 15 افراد کے ساتھ اغوا کر لیا ہے۔ المحمدیہ دوم نامی یہ جہاز یمن میں عدن کی بندگارہ سے 18 دسمبر کو روانہ ہوا تھا۔ یمنی حکام نے یہ نہیں بتایا کہ اس جہاز پر لدے سامان کی نوعیت کیا ہے اور وہ کہاں جا رہا تھا۔

صومالیہ کی ساحلی پٹی پر یورپی بحری مشن آٹالانٹا سمیت قزاقوں کے خلاف آپریشن کے لئے امریکہ اور نیٹو کے بحری بیڑے بھی موجود ہیں۔ یہ آپریشن گزشتہ برس دسمبر میں شروع کیا گیا تھا۔ تاہم اس کے باوجود صومالی قزاقوں نے متعدد کامیاب وارداتیں کیں اور تاوان کی مد میں لاکھوں ڈالر حاصل کئے۔

ان قزاقوں کے زیر قبضہ بحری جہازوں کی تعداد 11 ہے، جبکہ ان کے عملے کے 250 افراد کو بھی ان قزاقوں نے یرغمالی بنا رکھا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید