1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شین وارن کو بالی وڈ میں اداکاری کی پیشکش

23 مئی 2011

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے اور بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو جانے والے مشہور سپن باؤلر شین وارن نے کہا ہے کہ انہیں بھارت میں بالی وُڈ کی فلموں میں کام کرنے کی آفر ہوئی ہے اور وہ یہ پیشکش قبول کرنے پر غور کریں گے۔

https://p.dw.com/p/11LZV
سپن باؤلر شین وارنتصویر: AP

انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد شین وارن نے انڈین پریمیئر لیگ IPL میں کھیلنا شروع کر دیا تھا، جس میں وہ راجستھان رائلز کی کپتانی کر رہے تھے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق شین وارن نے کہا ہے کہ بھارت میں کرکٹ کھیلتے ہوئے وہ اس ملک سے گہری محبت کرنے لگے ہیں۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز میں پیر کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں شین وارن نے کہا کہ انہیں بالی وُڈ فلم انڈسٹری کے لیے کام کرنے کی پیشکشیں تو ہو رہی ہے لیکن اس سلسلے میں اگر انہیں کوئی بہت دلچسپ آفر ہوئی تو وہ اس پر غور کریں گے۔

اکتالیس سالہ شین وارن نے کہا کہ وہ بھارت کی ثقافت، اس ملک میں روزمرہ زندگی اور بھارتی باشندوں کی جذباتیت اور محبت سے پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں اکثر بھارت آتے رہیں گے۔

Flash-Galerie Shane Warne mit Liz Hurley
شین وارن اور ان کی برطانوی گرل فرینڈ الزبتھ ہرلی، فائل فوٹوتصویر: picture alliance / dpa

شین وارن کی کپتانی میں ان کے کرکٹ کیریئر کا آخری میچ آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں جمعہ کو ہونے والا وہ میچ تھا، جس میں اس آسٹریلوی کھلاڑی کی کپتانی میں راجستھان رائلز نے سچن تندولکر کی ٹیم ممبئی انڈینز کو دس وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

شین وارن نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ مستقبل میں وہ نوجوان لڑکیوں کے لیے فیشن ملبوسات کی ڈیزائنگ شروع کرنے کا بھی سوچ رہے ہیں۔ ان ملبوسات کی مارکیٹنگ بھارت میں کی جائے گی۔ شین وارن کے مطابق اس ممکنہ منصوبے میں ان کا ساتھ دینے کے سلسلے میں ان کی بیٹی میں بھی بڑا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

تاہم شین وارن نے یہ نہیں بتایا کہ آیا پیشہ ورانہ بنیادوں پر نوجوان لڑکیوں کے فیشن ملبوسات کی ڈیزائننگ کے کام میں انہیں اپنی برطانوی گرل فرینڈ الزبتھ ہرلی کی مدد بھی حا صل رہے گی۔ الزبتھ ہرلی برطانیہ کی ایک مشہور ماڈل ہیں اور وہ سوئمنگ کے لیے استعمال ہونے والے ملبوسات ڈیزائن کرتی ہیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک