1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شیخ مجیب کے سزا یافتہ قاتل کی ملک بدری مشکل

5 دسمبر 2011

اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ بنگلہ دیش کے بانی اور پہلے صدر شیخ مجیب الرحمان کے سزا یافتہ قاتلوں میں سے ایک کو کینیڈا سے ملک بدر کر کے بنگلہ دیش کے حوالے کر دیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/13MbL
بنگلہ دیش کے بانی اور پہلے صدر شیخ مجیب الرحمانتصویر: AP

ڈھاکہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ بات اتوار کے روز بنگلہ دیشی دارالحکومت میں کینیڈا کے ایک سفارت کار نے کہی۔ بنگلہ دیش کی سن 1971 میں پاکستان سے آزادی کے رہنما اور اولین صدر شیخ مجیب الرحمان کو 1975 میں قتل کر دیا گیا تھا۔ شیخ مجیب کے قتل کے الزام میں بنگلہ دیشی فوج کے 12 افسران کو موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

انہی میں سے ایک نور چوہدری نامی سزا یافتہ مجرم بھی ہے، جو ماضی میں بنگلہ دیشی فوج میں میجر رہ چکا ہے۔ ڈھاکہ حکومت نے کینیڈا کی حکومت سے اس سال اکتوبر میں یہ درخواست کی تھی کہ اس ریٹائرڈ فوجی افسر کو ملک بدر کر کے بنگلہ دیش کے حوالے کیا جائے۔

ڈھاکہ حکومت کی اس درخواست کے رد عمل میں بنگلہ دیش میں کینیڈا کی ہائی کمشنر ہیدر کروڈن نے ملکی وزیر خارجہ دیپو مونی کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد کہا، ’ہماری حکومت کی یہ پالیسی بہت واضح ہے کہ ہم کسی شخص کو ملک بدر کر کے کسی ایسے ملک میں نہیں بھجوا سکتے، جہاں ابھی تک سزائے موت کا قانون نافذ ہے۔‘

Sheikh Mujibur Rahman Flash-Galerie
شیخ مجیب الرحمان کو 1975 میں قتل کر دیا گیا تھاتصویر: bdnews24

کینیڈا کی سفیر نے یہ بھی کہا کہ بنگلہ دیشی وزیر خارجہ نے ان کے ساتھ ملاقات میں نور چوہدری کی ملک بدری کی درخواست کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ ہیدر کروڈن کے بقول وہ دیپو مونی کے ساتھ کیے گئے وعدے کے مطابق یہ معاملہ ایک بار پھر اپنے ملک کی حکومت تک پہنچا دیں گی۔

شیخ مجیب الرحمان کو سن 1975 میں ان کے خاندان کے اکثر ارکان کے ہمراہ ملکی فوج کے باغی افسران کے ایک گروپ نے قتل کر دیا تھا۔ شیخ مجیب کا قتل اور ان فوجی افسران کی بغاوت بنگلہ دیش میں کسی منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹے جانے اور فوج کے اقتدار پر قابض ہو جانے کا پہلا واقعہ تھا۔

شیخ مجیب کے قتل کا پہلا باقاعدہ مقدمہ 1996 میں اس وقت دائر کیا گیا تھا، جب ان کی بیٹی شیخ حسینہ پہلی مرتبہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم بنی تھیں۔ اس مقدمے میں سنائے گئے فیصلے کے مطابق شیخ مجیب الرحمان کے سزا یافتہ قاتلوں میں سے پانچ کو سن 2010 میں شیخ حسینہ کے دوسری مرتبہ وزیر اعظم بننے کے بعد موت کی سزا دے دی گئی تھی۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں