1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شٹائن مائر اپنا گردہ بطور عطیہ دیں گے

23 اگست 2010

جرمنی کی مرکزی اپوزیشن پارٹی کے اہم سیاستدان فرانک والٹر شٹائن مائر،اپنی اہلیہ کو گردہ عطیہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اس مقصد کے لئے وقتی طور پر سیاست سے علیٰحدہ ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OuHg
فرانک والٹر شٹائن مائر اپنی اہلیہ کے ہمراہتصویر: AP

جرمنی کی اپوزیشن پارٹی سوشل ڈیموکریٹ کے رہنما اور سابق وزیرخارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے پیر کو ایک ہنگامی نیوز کانفرنس میں بتایا کہ وہ وقتی طور پرسیاسی منظر نامے پر نظر نہیں آئیں گے کیونکہ وہ اپنی اہلیہ کو گردہ عطیہ کر رہے ہیں۔

شٹائن مائر نے صحافیوں کو بتایا کہ پیر کی شام وہ ایک ہسپتال میں داخل ہو جائیں گے، جہاں وہ گردہ بطورعطیہ دینے کے لئے ضروری طبی تیاریاں شروع کریں گے۔ شٹائن مائر کی شادی کو پندرہ برس بیت چکے ہیں اور ان کی چودہ سالہ ایک بیٹی بھی ہے۔

اڑتالیس سالہ ان کی اہلیہ Elke Buedenbender ایک جج ہیں اور وہ گزشتہ کئی سالوں سے گردے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران ان کی طبعیت زیادہ خراب ہو گئی ہے۔

Bundestagswahlen 2009 Frank-Walter Steinmeier
شٹائن مائر کی اہلیہ ایک جج ہیںتصویر: AP

شٹائن مائر نے صحافیوں کو بتایا، '' میں نے ڈاکٹروں سے مشورہ کیا ہے، ان کے مطابق صرف گردہ بطور عطیہ ملنے سے ہی میری اہلیہ کی طبعیت سنبھل سکتی ہے۔'' انہوں نے مزید کہا،'' اس لئے میں کچھ ہفتوں کے لئے سیاسی منظر نامے پر نظر نہیں آؤں گا۔''

اس سے قبل شٹائن مائر اور ان کی اہلیہ طویل عرصے تک گردہ بطورعطیہ ملنے کا انتظار کرتے رہے ہیں تاہم اب صورتحال مزید خراب ہونے کے نتیجے میں شٹائن مائر نے اپنا گردہ ہی عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 54 سالہ شٹائن مائر نے امید ظاہر کی کہ وہ اکتوبر تک دوبارہ سیاست میں لوٹ آئیں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں