1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی افغانستان میں بم دھماکہ، صوبائی گورنر ہلاک

9 اکتوبر 2010

شمالی افغانستان میں جمعے کی نماز کے وقت ایک مسجد پر ہونے والے خونریز بم حملے میں صوبہ قندوز کے گورنر سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/PZtc
تصویر: AP

گورنر محمد عمر کی ہلاکت کو افغانستان میں رواں برس کی سب سے اہم شخصیت کے قتل سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ شمالی افغانستان کے صوبے تاکہر میں محمد عمر کی ہلاکت کو ایک خلا قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ واقعہ تاکہر صوبے کے مرکزی شہر تالوقان میں پیش آیا۔ تاکہر قندوز صوبے سے ملحقہ صوبہ ہے اوریہ محمد عمر کا آبائی شہر ہے۔

Mohammed Omar Gouverneur von Kundus Afghanistan
افغان صدر حامد کرزئی کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں ہلاک شدگان کی تعداد 21 بتائی گئی ہےتصویر: picture alliance/dpa

افغانستان پر امریکی حملے کے وقت شمالی افغانستان کا علاقہ شمالی اتحاد کے زیرقبضہ تھا اور یہی وجہ تھی کہ یہاں طالبان کا زیادہ اثر نہیں تھا تاہم گزشتہ کچھ عرصے میں یہاں طالبان کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں خاصا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

جمعے کی نماز کے وقت ہونے والے اس بم حملے کے نتیجے میں مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ہلاک ہونے والوں میں مسجد کے امام بھی شامل ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق 20 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

واقعے میں ہلاکتوں کے حوالے سے افغان حکام کی جانب سے متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ تاکہر پولیس کے مطابق اس واقعے میں محمد عمر سمیت 15 افراد ہلاک ہوئے۔ صوبائی گورنز کے ترجمان کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 12 ہے جبکہ واقعے میں 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ افغان صدر حامد کرزئی کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں ہلاکتوں کی تعداد 21 بتائی گئی ہے۔

Ein Soldat der ISAF in Nad Alis Front in Helmand Flash-Galerie
افغانستان کے جنوب میں امریکی اور نیٹو افواج کی کارروائیوں کے بعد طالبان عسکریت پسندوں نے شمالی افغانستان میں اپنے اثر ورسوخ میں خاصا اضافہ کیا ہےتصویر: DW

اس سے قبل بھی دو مرتبہ محمد عمر کی ہلاکت کی کوشش کی گئی تھی۔ صرف دو ماہ قبل صوبائی گورنر کے قافلے میں شامل ایک پولیس ویگن سڑک کنارے بم سے ٹکرا گئی تھی جبکہ ایک اور موقعے پر محمد عمر کے قافلے کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم ان دونوں ہی حملوں میں صوبائی گورنر محفوظ رہے تھے۔

گزشتہ برس ستمبر میں کابل میں ملک کے ڈپٹی انٹیلیجنس چیف عبداللہ لغمانی ہلاک کئے گئے تھے۔ رواں برس ستمبر میں غزنی صوبے کے ڈپٹی گورنر کو عسکریت پسندوں نے ہلاک کر دیا تھا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں