1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شعیب اختر کی سزا ایک مہینے کے لئے معطل

7 مئی 2008

پاکستانی فاسٹ باولر شعیب اختر کے خلاف پانچ سال کی پابندی کو ایک مینے کے لئے معطل کر دیا گیا ہے۔ بشعیب اختر ایک مہینے کے لئے کرکٹ کی دنیا میں واپس آگئے ہیں۔ یوں وہ انڈین پریمیئر لیگ میں حصہ لینے کے قابل بھی ہو گئے ہیں ۔

https://p.dw.com/p/DtOc
محمد آصف اور شعیب اخترتصویر: AP

اتوار کے دن نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایپلیٹ کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس ہوا، جس میں شعیب اختر پر لگائی جانے والی پانچ سال کی سزا کو اُس وقت تک لئے معطل کر دیا گیا جب تک اس سزا کے بارے میں اپیلیٹ کمیٹی دوبارہ سماعت نہیں کرتی۔ ایپلیٹ کمیٹی شعیب اختر کی سزا پر چار جون کو سماعت کرے گی۔ واضح رہے کہ شعیب اختر کی سزا معاف نہیں کی بلکہ انہیں صرف انڈین لیگ کھیلنے کی سہولت دینے کے لئے یہ فیصلہ سنایا گیا ہے۔

اس فیصلے کے خلاف کئی سابق کھلاڑیوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایپلیٹ کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ پاکستان کے سٹار سابق ٹیسٹ کھلاڑی سرفراز نواز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کا فیصلہ بورڈ کے دوہرے معیارات کی غمازی کرتا ہے۔

ایپلیٹ کمیٹی کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ آفتاب فرخ کا کہنا ہے کہ شعیب اختر کی سزا میں معطلی کا فیصلہ دراصل کچھ قانونی نکات کو سامنے رکھ کر ہی کیا گیا ہے۔

پاکستان بورڈ کے وکیل تفضل حسین نے کہا ہے کہ شعیب اختر کے خلاف ان پر لگائے جانے والے الزامات کی کاروائی ضرور ہو گی لیکن جب تک حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا کسی کو بھی پابند نہیں کیا جا سکتا کہ پاکستان سے باہر جا کر کھیل نہ سکے ۔ اس لئے خصوصی طور پر اس اجلاس میں انہیں چھوٹ دی گئی ہے۔

دوسری طرف انڈین پرمیئر لیگ کے چیر مین للت مودی نے کہا ہے کہ اب شعیب اختر لیگ کے لئے کھیل سکتے ہیں۔

Shah Rukh Khan
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خانتصویر: Monika Jones

شعیب اختر کو شاہ رخ خان نے اپنی فرنچائزڈ ٹیم کولکتہ کے لئے خریدا ہے۔ فلمی سٹار شاہ رخ خان کی ٹیم اپنے آخری چار میچوں میں شکست سے دوچار ہو چکی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ شعیب اختر کی موجودگی سے ان کی ٹیم مضبوط ہو گی۔

شاہ رخ خان کی ٹیم میں مایہ ناز آسڑیلوی کھلاڑی رکی پونٹنگ ، مائیک ہسی اور پاکستان کے سلامی بلے باز محمد حفیظ بھی شامل ہیں جبکہ کپتانی کے فرائض بھارتی سابق کپتان ساروگنگولی دے رہے ہیں۔