1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شریف مقبول ترین‘ مشرف غیر مقبول: سروے

گوہر نذیر گیلانی18 جولائی 2008

ایک تازہ ترین بین الاقوامی سروے کے مطابق پاکستان کی تراسی فی صد آبادی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو اقتدار میں دیکھنا نہیں چاہتی ہے جبکہ اس وقت ملک کی اکثریت کی رائے میں میاں محمد نواز شریف مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں۔

https://p.dw.com/p/EeLM
تصویر: AP

امریکہ میں مقیم ایک غیرسرکاری بین الاقوامی تنظیم‘ رپبلکن انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے کرائے گئے رائے عامہ کے ایک جائزے میں‍ یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستانی عوام کی اکثریت عدلیہ کی بحالی اور معزول ججوں کی بحالی کے حق میں ہیں جبکہ وہ صدر مشرف کو اقتدار سے الگ دیکھنا چاہتی ہے۔

جائزے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان میں مسلم لیگ نواز کے سربراہ میاں نواز شریف مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں۔ جائزے میں ان کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ معزول عدلیہ کے معاملے پر ان کا غیر مفاہمانہ اور اٹل موقف ہے۔

رپبلکن انسٹی ٹیوٹ کے اس جائزے کے مطابق پاکستان کی باون فی صد آبادی کو ملک کے موجودہ حالات میں بہتری کی توقع ہے۔ پاکستانیوں کی اکثریت اشیاء حوردونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے‘ افراط زر کی شرح میں اضافے اور مہنگائی کو سب سے بڑے مسائل تصور کرتی ہے۔

جائزے کے مطابق زیادہ تر پاکستانی باشندے قبائلی علاقوں کے عسکریت پسندوں کے ساتھ معاملات افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرانے کے حق میں ہیں۔ جائزے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پاکستانی عوام کی اکثریت ایٹمی سائنسدان عبدالقدیرخان کو ملک کےصدر کے روپ میں دیکھنا چاہتی ہے جبکہ موجودہ صدر مشرف کے خلاف عوام میں زبردست غم و غصہ پایا جاتا ہے۔