1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شرم الشیخ میں غیر وابستہ تحریک کا سربراہ اجلاس

15 جولائی 2009

مصر میں نا وابستہ تحریک کے آج سے شروع ہونے والے دو روزہ اجلاس میں ترقی پذیر ممالک کے سربراہان نے ایک ایسے معاشی نظام کی ضرورت پر زور دیا ہے، جو ان ممالک کے مالی مفادات کا تحفظ کرے۔

https://p.dw.com/p/Ips8
تصویر: AP

غیر وابستہ تحریک کا 15واں سربراہ اجلاس مصر کے تفریحی مقام شہر شرم الشیخ میں منعقد ہو رہا ہے اور اِس میں پچاس سے زائد ممالک کے قائدین شرکت کر رہے ہیں۔ اس اجلاس میں شامل ریاستیں ترقی پذیر ممالک کو درپیش معاشی مسائل کا جائزہ لے رہی ہیں۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نےان ریاستوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے کہا: ’’ہمیں بھوک، غربت، ماحولیاتی تبدیلیوں اور امن و امان جیسے مسائل پر قابو پانا ہے۔‘‘

شرم الشیخ میں کیوبا کے صدر راؤل کاسترو بھی موجود ہیں، جنہوں نے معاشی بحران کے شکار ترقی پذیر ممالک میں اصلاحات کا ذکر کرتےہوئے کہا کہ یہ ریاستیں عالمی مالیاتی بحران سے شدید متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا : ’’امیر ملکوں کو درپیش معاشی مسائل کے اثرات، غیر منطقی عالمی معاشی نظام کی بدولت غریب ممالک تک پہنچ رہے ہیں۔‘‘

غیر وابستہ تحریک کے صدر ملک مصر کے سربراہ حسنی مبارک نے بھی اپنے خطاب میں ایک ایسے معاشی اور سیاسی نظام پر زور دیا، جو غیر جانبدار ہو اور جس کے دوہرے معیار نہ ہوں۔

لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اِس ادارے پر اِس کے مستقل ارکان ہی کی اجارہ داری ہے۔ قذافی نے مزید کہا کہ اِس عالمی ادارے کی بہتر کارکردگی کے لئے اِس میں افریقی یونین کو بھی رکنیت دی جانی چاہیے۔

شرم الشیخ منعقدہ اجلاس میں پاکستان اور بھارت بھی حصہ لے رہے ہیں۔ دونوں ریاستوں کے خارجہ امور کے سیکریٹریوں نے گذشتہ رات ایک ملاقات میں جمعرات کو دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس حوالے سے شرم الشیخ میں موجود ہمارے ساتھی خالد حمید فاروقی بتاتے ہیں: ’’غیر وابستہ تحریک کی بنیاد ایشیائی اور افریقی ممالک نے اپنی 1955ء میں ہونے والی ایک کانفرنس میں ڈالی تھی۔ اِس کانفرنس میں نوآبادیاتی طاقتوں سے تازہ تازہ آزادی حاصل کرنے والی29 ریاستوں نے شرکت کی تھی۔ غیر وابستہ تحریک کا پہلا باقاعدہ اجلاس 1961ء میں بلغراد میں منعقد ہوا تھا۔ اس تحریک میں شامل ملکوں کا مقصد امریکہ اور سویت یونین کے درمیان جاری سیاسی سرد جنگ سے دور رہنا تھا۔ آج کل اِس تحریک کے رکن ملکوں کی تعداد 118ہے۔‘‘

رپورٹ : میرا جمال

ادارت : امجد علی