1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہ رُخ کی فلم پبلسٹی کے دوران ایک مداح کی موت، تفتیش شروع

24 جنوری 2017

شاہ رُخ خان کی طرف سے اپنی رواں ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’رئیس‘ کی پبلسٹی کے لیے منعقد کیے جانے والے ایک ایونٹ کے دوران ایک شائق کی موت ہو گئی ہے۔ بھارتی حکام نے اس معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/2WKQc
Shah Rukh Khan
تصویر: Getty Images/A. Harvey

بالی وُڈ سپر اسٹار شاہ رُخ خان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے گجرات کے ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچ جانے کے باعث ایک 45 سالہ شخص فرید خان پٹھان بے ہوش ہو گیا اور بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ شاہ رُخ خان اپنی فلم ’رئیس‘ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں بذریعہ ٹرین نئی دہلی جاتے ہوئے مختلف اسٹیشنوں پر رُک کر اپنے مداحوں سے ملاقات کر رہے تھے۔ تاہم گجرات ریلوے اسٹیشن پر بہت زیادہ لوگوں کی موجودگی اور پھر مداحوں کی طرف سے سپر اسٹار کے قریب جا کر تصاویر بنانے کی کوشش کے دوران وہاں بھگدڑ مچ گئی، جس کی زد میں کئی لوگ آئے۔

بھارتی ریلوے منسٹر سریش پربھو نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے پولیس کو اس معاملے کی تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دے دیا ہے۔

Indien Streik Arbeitsmarktreformen
پولیس کو اس معاملے کی تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دے دیا ہے، بھارتی ریلوے منسٹر سریش پربھوتصویر: Getty Images/AFP/N. Seelam

ٹیلی وژن پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں لوگوں کا ایک بڑا ہجوم ٹرین کی اُس بوگی کی طرف بڑھتے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں شاہ رُخ خان سوار تھے۔ اس دوران تصاویر بنانے کے خواہشمند مداح ایک دوسرے سے دھکم پیل کرتے بھی دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ ڈنڈا بردار پولیس اہلکار ہجوم پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف نظر آتے ہیں۔ ریلوے پولیس کے ایک سینیئر افسر شرد سنگھال کے مطابق اس افراتفری کے سبب دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

سنگھال کے مطابق پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ فلم کے منتظمین نے اس پبلسٹی ایونٹ کے لیے پہلے سے اجازت لی تھی یا نہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’’ہم تفتیش کریں گے کہ آیا پولیس اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہی یا پھر منتظمین نے قواعد و ضوابط پر عمل نہیں کیا۔‘‘شرد سنھگال کا مزید کہنا تھا، ’’ہم ذمہ دار افراد کے خلاف ضرور کارروائی کریں گے، بھلے وہ شاہ رُخ خان ہی کیوں نہ ہوں۔‘‘

Shah Rukh Khan
51 سالہ بھارتی فلم اسٹار شاہ رُخ خان نے اس شخص کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہےتصویر: picture-alliance/AP Poto/R.Kakade

51 سالہ بھارتی فلم اسٹار شاہ رُخ خان نے اس شخص کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نئی دہلی پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خان کا کہنا تھا، ’’یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ کسی کی موت ہو گئی۔۔۔ میری دعائیں اس کے خاندان کے ساتھ ہیں۔‘‘

فلم ’رئیس‘ کو رواں ہفتے بھارتی سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔