1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہی خاندان میں شادی، برطانوی معیشت میں خوشحالی کا امکان

18 نومبر 2010

برطانوی ماہرین مالیات آج کل یہ اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ شہزادہ ولیئم کی شادی خانہ آبادی سے مشکلات میں گھری برطانوی معیشت کو کس قدر ’بوسٹ‘ مل سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/QC9v
شہزادہ ولیئم اور کیٹ مڈلٹنتصویر: picture-alliance/dpa

فی الحال یہی امید کی جارہی ہے کہ شاہی خاندان سے عقیدت رکھنے والے شہزادے کی شادی کے لئے خوب خریداری کرسکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت میں لگ بھگ کئی ارب ڈالر کا خوشگوار جھونکا دیکھا جاسکتا ہے۔

امکان ہے کہ شادی کی مناسبت سے بہت سے برطانوی شہری نئے لباس، خوراک اور شراب پر خوب پیسے خرچ کریں گے۔ معیشت دانوں کے مطابق شاہی خاندان میں شادی کے باعث برطانیہ میں فٹ بال کے ورلڈ کپ کے طرز کا ’بونینزا‘ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

سیاحت کے شعبے سے وابستہ حلقوں کو بھی امید ہے کہ برطانوی دارالحکومت لندن سمیت دیگر بڑے شہروں میں غیر ملکیوں کی دلچسپی بھی خاصی بڑھ سکتی ہے۔ اندازوں کے مطابق سیاحت کی صنعت میں دو سو ملین پاؤنڈ سے زیادہ کا نمو دیکھا جاسکتا ہے۔

Flash-Galerie Prinz William Kate Middleton
منگنی کے بعد شہزادہ ولیئم اور کیٹ مڈلٹنتصویر: AP

خوردہ فروشی کے اعداد و شمار پر نظر رکھنے والے ادارے ورڈکٹ کے ڈائریکٹر Neil Saunders کے بقول صارفین 620 ملین پاؤنڈز ’لگ بھگ ایک ہزار ملین ڈالر‘ کی خریداری کر سکتے ہیں۔ اس میں شادی سے وابستہ اشیاء کی خریداری سر فہرست بتائی گئی ہے۔ ان کے بقول عوام چاہے گی کہ اپنے شہزادے کی شادی سے جڑی یادگار اپنے پاس محفوظ کرلیں اور اشیاء بنانے والے ادارے اس موقع سے خوب آگاہ ہیں۔

28 سالہ شہزادہ ولیئم اپنی زمانہ ء طالب علمی کی دوست و ہم عمر کیٹ مڈلٹن کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ دونوں نے گزشتہ ماہ کینیا میں دوران تعطیلات منگنی کرلی تھی۔ ولیئم آنجہانی شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے بڑے بیٹے ہیں۔

کیٹ مڈلٹن اور ولیئم ، دونوں ہی ان دنوں شادی کی تقریب کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ تقریب کے حوالے سے ان کی خواہشات سے ملکہ ء برطانیہ ایلزبتھ دوئم، شہزادہ چارلس، برطانوی حکومت اور دلہن یعنی مڈلٹن کے خاندان والوں کو آگاہ کیا جائے گا۔ باہمی رضامندی کے بعد حتمی تاریخ اور مقام کا تعین ہوگا۔

Kate Middleton FLASH Galerie
کیٹ مڈلٹن نئی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے بے انتہا خوش ہیںتصویر: picture alliance/empics

شاہی خاندان کے ذرائع کے مطابق دونوں اپنی شادی کی تقریب کو پرلطف و یادگار بنانا چاہتے ہیں تاہم انہیں موجودہ معاشی مشکلات کا بھی اندازہ ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ