1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شاہد آفریدی آج انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے

16 جون 2011

شاہد آفری آج انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل بدھ کو انہوں نے پاکستانی کرکٹ بورڈ کے خلاف دائر کی گئی عدالتی درخواست واپس لے لی تھی۔

https://p.dw.com/p/11b3J
شاہد آفریدیتصویر: picture alliance/dpa

پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستانی کرکٹ بورڈ کی طرف سے بیرون ملک کھیلنے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد عدالتی دروازہ کھٹکھٹایا تھا تاہم فریقین کے مابین ایک ڈیل ہو جانے کے بعد انہوں نے قانونی چارہ جوئی کو ترک کرتے ہوئے بورڈ کی انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہد آفریدی کے وکیل محمود مانڈوی والا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کوبتایا،’ہم نے عدالتی کارروائی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ جمعرات کو بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے‘۔ کراچی میں عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مانڈوی والا نے مزید کہا کہ ان کے مؤکل عدالت سے رجوع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے تھے تاہم انہیں ایسا کرنے پر مجبور کیا گیا،’میرا خیال ہے کہ اب آفریدی کو بیرون ملک کھیلنے کے لیے اجازت نامہ جاری کر دیا جائے گا اور وہ انگلینڈ اور سری لنکا میں کھیل سکیں گے‘۔

Shahid Afridi
شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وہ قوم کے لیے کھیلنا چاہتے ہیںتصویر: AP

شاہد آفریدی نے اے ایف پی کو بھیجی گئی ایک ای میل میں لکھا،’ایک سچے کھلاڑی اور کرکٹر ہونے کے ناطے میں یہ یقین رکھتا ہوں کہ مستقبل میں کامیابی کے لیے پاکستانی کرکٹ بورڈ کو بطور ایک ادارہ مضبوط بنایا جائے‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ قوم کے لیے کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور اس تنازعہ کے خاتمے کے لیے وہ جمعرات کو بورڈ کی انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ اور شاہد آفریدی کے مابین یہ تنازعہ گزشتہ ماہ اس وقت کھڑا ہوا تھا، جب آفریدی نے دورہ ء ویسٹ انڈیز سے واپسی پر بورڈ اور کوچ وقار یونس کے بارے میں متنازعہ بیانات دیے تھے۔ بعد ازاں بورڈ نے دورہء آئر لینڈ کے لیے انہیں کپتانی سے ہٹا دیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے احتجاجی طور پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ بورڈ کے تحت کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔

اس کے بعد بورڈ نے شاہد آفریدی کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کنٹریکٹ کے مطابق ضابطہء اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، اس لیے ان کا سینٹرل کنٹریکٹ معطل کیا جاتا ہے اور ساتھ ہی بیرون ملک کرکٹ کھیلنے کا اجازت نامہ منسوخ کیا جاتا ہے۔ اس پر شاہد آفریدی نے عدالت سے رجوع کیا۔

شاہد آفریدی کو اگرچہ بیرون ملک کرکٹ کھیلنے کے لیے اجازت نامہ ملنے کی امید پیدا ہو گئی ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ کیا وہ دوبارہ قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بھی بن سکیں گے یا نہیں؟

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں