1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام کے خلاف سکیورٹی کونسل میں قرارداد ویٹو

5 اکتوبر 2011

عرب ملک شام کے خلاف سکیورٹی کونسل میں یورپی اقوام کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کو روس اور چین نے ویٹو کر دیا ہے۔ سکیورٹی کونسل میں مغربی ملک بشمول امریکہ قرارداد کے حامی تھے۔

https://p.dw.com/p/12lj9
تصویر: dapd

شام میں جمہوریت نوازوں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کو بند کروانے کے لیے یورپی اقوام کی پیش کردہ قرارداد کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکی۔ اس قرارداد کو روس اور چین نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے ویٹو کر دیا۔ قرارداد کے حق میں نو ووٹ ڈالے گئے۔ روس اور چین نے اس کی مخالفت میں ووٹ ڈالا اور اس طرح یہ قرارداد دم توڑ گئی۔ جنوبی افریقہ، بھارت، برازیل اور لبنان ووٹنگ کے عمل کے دوران شریک نہیں ہوئے۔

ووٹنگ کے بعد فرانس کے اقوام متحدہ میں سفیر جیرارا غُو (Gerard Araud) کا کہنا تھا کہ ایک سمجھوتے کے لیے کوششیں کی گئیں اور اس دوران چین اور روس سمیت غیر حاضر رہنے والے ملکوں کو بہت سی رعایتیں بھی دی گئیں لیکن مثبت پیش رفت ممکن نہیں ہو سکی۔ فرانسیسی سفارت کار کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویٹوکرنے والی قوتوں نے شام میں جائز حق کی خاطر جدوجہد کرنے والوں کی نفی کی ہے۔ ان کے مطابق قرارداد کے ویٹو کرنے سے شام میں انسانی حقوق کی پاسداری کا مطالبہ ختم نہیں کر دیا جائے گا۔

منگل کے روز ووٹنگ کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد کو امریکہ کی پرزور حمایت حاصل تھی۔ امریکہ نے قرارداد کے منظور ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا تھا۔ امریکہ نے قرارداد کے ویٹو کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اس قرارداد کے متن کو بظاہر یورپی یونین کی بھی حمایت حاصل تھی۔ سکیورٹی کونسل میں شام کے خلاف قرارداد برطانیہ، فرانس، جرمنی اور پرتگال کی جانب سے متعارف کروائی گئی۔

NO FLASH Syrien Proteste Freitag 30. September 2011
روس اور چین نے شام کے خلاف سکیورٹی کونسل میں پیش کردہ قرارداد ویٹو کردی گئیتصویر: dapd

سکیورٹی کونسل میں پیش کی جانے والی قرارداد میں شام سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنے ملک میں جمہوریت کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور تشدد کی پالیسی کو فوری طور پر ترک کر کے انسانی حقوق کی پاسداری کرے۔ اس قرارداد میں شام میں سیاسی عمل کو فروغ دینے کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔

یہ امر اہم ہے کہ دونوں ملک یعنی روس اور چین سن 2008ء میں افریقی ملک زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے کے خلاف بھی پابندیوں کی قرارداد کو مشترکہ طور پر ویٹو کر چکے ہیں۔

سکیورٹی کونسل میں قرارداد پر ووٹنگ سے قبل متن کے حوالے سے روس کے نائب وزیر خارجہ Gennady Gatilov کا کہنا ہے کہ شام بارے جو قرارداد مغربی ممالک پیش کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اسے کسی طور قبول نہیں کیا جا سکتا۔ نئی قرارداد کے متن سے پابندیوں کے بارے میں براہ راست حوالے کو بھی حذف کردیا گیا تھا۔ یہ تبدیلی بھی شاید روسی مؤقف کے تناظر میں کی گئی تھی لیکن ایسی تمام کوششییں بے نتیجہ رہیں۔

دوسری جانب کینیڈا کے وزیر خارجہ جان بیئرڈ نے دارالحکومت اوٹاوا میں اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک شام سے تیل ایکسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ تیل کی تلاش میں کی جانے والی سرمایہ کاری کو بھی بند کر رہا ہے۔ کینیڈا کی حکومت نے شام کے صدر بشار الاسد کے قریبی ستائیس افراد  پر سفر کی پابندیاں عائد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ان کے علاوہ بارہ بڑی کمپنیاں بھی اس پابندی میں شامل ہیں۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  حماد کیانی

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں