1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیناء میں ہزاروں مصری فوجیوں کی تعیناتی

27 اگست 2011

اسرائیل نے جزیرہ نما سیناء کے صحرائی علاقے میں مصر کے ساتھ ملحقہ سرحد کے ساتھ ہزاروں مصری فوجیوں کی تعیناتی پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12OWH
تصویر: AP

اسرائیل کے وزیر دفاع ایہود باراک نے سیناء  میں طویل سرحدی پٹی پر مصر کے ہزاروں فوجیوں کی تعیناتی پر اصولی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ ان فوجیوں کی تعیناتی کی بنیادی وجہ چند روز قبل رونما ہونے والا خونی واقعہ تھا جس میں اسرائیل کے آٹھ افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔ مسلح شخص کی کارروائی کے بعد اسرائیل اور مصر کے باہمی تعلقات میں قدرے سرد مہری پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ مصری فوجیوں کی تعیناتی کے حوالے سے اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ان فوجیوں کی موجودگی سے صورت حال میں ہفتوں میں کسی ڈرامائی تبدیلی پیدا ہونے کا امکان کم ہے لیکن سیناء کا علاقہ محفوظ ہو سکتا ہے۔

جریدے اکانومسٹ کی جانب سے ریلیز ہونے والی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل اور مصر کے درمیان قائم سرحدی علاقے کی حفاظت کے لیے اب ہزاروں فوجیوں کو جلد روانہ کردیا جائے گا۔ سن 1979 کے امن معاہدے کے تحت سرحدی مقامات پر مصر انتہائی کم فوجیوں کو رکھنے کا پابند ہے۔ پہلے سے سرحدی پٹی پر باقاعدہ فوجی نہیں بلکہ ہلکے ہتھیاروں سے لیس مصر کے سرحدی گارڈز تھے۔

Ägypten Das Katharinenkloster auf der Sinai Halbinsel
جزیرہ نما سیناء میں واقع قدیمی مسیحی مذہبی سینٹ کیتھرین خانقاہتصویر: picture-alliance / dpa

اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے وزیر دفاع نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ مصر کے بکتر بند یونٹ اور ہیلی کاپٹر بھی فوجیوں کی معاونت کے لیے سرحدی علاقے میں بھیجے جائیں گے۔ نئی تعیناتی میں ٹینک شامل نہیں ہوں گے۔ اسی سرحدی علاقے کے لیے پہلے سے ہی ایک ٹینک بٹالین موجود ہے۔ لندن سے شائع ہونے والے اکانومسٹ کی رپورٹ پر اسرائیلی فوج اور وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے کسی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا گیا ہے۔

جزیرہ نما سیناء میں انتہاپسندوں کی گرفتاریوں کے علاوہ اسلحے کا بڑا ذخیرہ بھی مصری سکیورٹی حکام نے اپنے قبضے میں لیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران مصری سکیورٹی حکام کو بیس مطلوب انتہاپسندوں کو بھی گرفتار کرنے کا موقع ملا۔

اسرائیل اور مسلح عسکریت پسند کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مصر کے پانچ سکیورٹی اہلکاروں کی بھی ہلاکت ہوئی تھی۔ گزشتہ ہفتہ کے دوران اسرائیل کے جنوبی شہر ایلات میں پرتشدد حملوں میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

 

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں