1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیف العادل القاعدہ کا عبوری سربراہ مقرّر

18 مئی 2011

امریکی ٹی وی سی این این اور پاکستانی اخبار ’دی نیوز‘ کے مطابق مصری شہری سیف العادل کو القاعدہ کا عبوری سربراہ مقرّر کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11Icc
تصویر: AP

سی این این اور دی نیوز کے مطابق مصر سے تعلق رکھنے والے سیف العادل کو بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کا عبوری سربراہ مقرّر کردیا گیا ہے۔ سیف العادل مصر کی اسپیشل فورسز کا سابق افسر تھا اور اس وقت وہ القاعدہ کے مرکزی رہنماؤں میں سے ایک ہے۔ سی این این نے اس خبر کی تصدیق کے لیے لیبیا کے سابق عسکریت پسند نعمان بن عثمان کا حوالہ دیا ہے۔

Ayman al-Zawahri Osama bin Laden NO FLASH
قیاس ہے کہ ایمن الظواہری (بائیں) کو القاعدہ کی مستقل قیادت سونپی جائے گیتصویر: AP

خیال رہے کہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو دو مئی کو پاکستان کے شمالی شہر ایبٹ آباد میں امریکی اسپیشل فورسز نے ایک خفیہ آپریشن میں ہلاک کردیا تھا۔ بعد ازاں امریکی حکّام نے بن لادن کی لاش کو سمندر برد کردیا تھا۔ بن لادن کی موت کے بعد القاعدہ نے اپنے سربراہ کا اعلان نہیں کیا تھا۔ تاہم سیف العادل، جو محمّد ابراہیم مکّوی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اب عارضی طور پر القاعدہ کی قیادت کرے گا۔

تجزیہ کاروں کی رائے میں سیف العادل کی عبوری تقرّری کا مقصد شاید ایک بہتر سربراہ کا انتخاب کرنا ہے اور ساتھ ہی یہ ثابت کرنا بھی ہے کہ القاعدہ اب بھی فعال ہے۔ زیادہ امکان یہی ہے کہ القاعدہ میں بن لادن کے نائب ایمن الظواہری کو ہی باقاعدہ طور پر القاعدہ کی قیادت سونپی جائے گی۔ ایمن الظواہری کا القاعدہ میں خاصا اثر و رسوخ ہے۔ اکثر القاعدہ کے ویڈیو پیغامات میں الظواہری ہی کی صورت نظر آتی ہے۔

القاعدہ کی جانب سے سیف العادل کی عبوری تقرّری کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں