1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سید یوسف رضا گیلانی پاکستان کے نئے وزیر اعظم: 'زیر حراست ججوں کی رہائی کا حکم'

24 مارچ 2008

پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی‘ 264 ووٹوں کے ساتھ پاکستان کے نئے وزیر اعظم منتخب ہوگئے ہیں۔قومی اسمبلی کے لئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے آج سہ پہر ووٹ ڈالے گئے۔یوسف رضا گیلانی نے مسلم لیگ ق کے اپنے حریف چودھری پرویز الٰہی کو بآسانی شکست دی۔پرویز الٰہی کے حق میں صرف 42 ووٹ پڑے۔

https://p.dw.com/p/DYDK
تصویر: AP

یوسف رضا گیلانی قومی اسمبلی کے سابق سپیکر بھی رہ چکے ہیں۔وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد رضا گیلانی نے اسمبلی میں اپنے خطاب میں مرحومہ بے نظیر بھٹو کی موت کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ان کی قربانی کی وجہ سے پاکستان میں جمہوریت بحال ہوگئی ہے۔

اس دوران قومی اسمبلی‘ گو مشرف گو کے نعروں سے گونج رہی تھی۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چئیرپرسن بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے اور بے نظیر بھٹو کے حق میں نعروں کی گونج میں ان کی آنکھوں سے کئی مرتبہ آنسو نکل پڑے۔

نئے وزیر اعظم نے کہا کہ نئی حکومت ملک کے اداروں کو مضبوط بنائے گی۔وہ کل منگل کے روز اپنے عہدے کا حلف اُٹھائیں گے اور صدر پرویز مشرف ان سے حلف لیں گے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزیر اعظم کا حلف اُٹھانے کے فوراً بعد ہی وہ زیر حراست ججوں کی رہائی کا حکم دیں گے۔

قائد حزب اختلاف پرویز الٰہی نے اپنے خطاب میں ایک مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ نئی حکومت کو عوام کے ساتھ کئے ہوئے ان کے وعدے یاد دلاتے رہیں گے‘ مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا‘ جیسے ہر چیز کی قیمت آدھی ہوجائے گی۔