1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیاہ فام امریکیوں کا حج کا انوکھا تجربہ

عاطف توقیر2 اکتوبر 2015

شاہدہ شریف ایک افریقی نژاد امریکی ہیں، جنہوں نے لاکھوں افراد کے ہمراہ رواں برس حج کیا، جسے وہ ’خدا سے اپنے رابطے کی مضبوطی کا اعادہ‘ قرار دیتی ہیں۔ اسے وہ ایک طرف سیاہ فاموں اور دوسری جانب انسانیت سے تعلق گردانتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Ghg6
Beginn Pilgerfahrt Hadsch in Mekka 01.10.2014
تصویر: Reuters/Muhammad Hamed

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے مکہ میں بات چیت کے دوران شریف نے کہا، ’’جب ایک گھرانہ، ذات اور ضروریات سے اہم ہو جائے، تو رشتے بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمارا اعتقاد کیا ہے، ہماری نسل کیا ہے، ہماری شہریت کیا ہے، مجھے آپ میں اپنے جیسا کچھ نہ کچھ پھر بھی مل جائے گا۔‘‘

سیاہ فام امریکی مسلمانوں کے لیے اس بار کا حج اس لیے بھی اہم تھا کہ وہ سیاہ فاموں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے میلکم ایکس کی 50 ویں برسی منا رہے ہیں۔ میلکم ایکس بعد میں مسلمان ہو گئے تھے اور انہوں نے اپنے لیے مالک الشباز کا نام چنا تھا۔ ایکس نے بھی حج کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس تجربے کو دیکھ کر اس لیے بھی راحت ملی کہ یہاں ہر رنگ، ہر نسل اور ہر شہریت کے افراد موجود تھے، تاہم ان کے درمیان ایک گہرا تعلق تھا۔ ان کا کہنا تھا، ’’ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے عازمین کے درمیان ایک روحانی تعلق تھا، ایک بھائی چارہ تھا۔ امریکا میں میرے تجربے نے مجھے بتا رکھا تھا کہ سفید فام اور سیاہ فام افراد کے درمیان یقین اور اعتبار کبھی قائم نہیں ہو سکتا۔‘‘

Malcolm X 1964
میلکم ایکس سیاہ فاموں کے حقوق کی تحریک کے ایک اہم رہنما تھےتصویر: AP

اس بار کا حج ہفتہ چھبیس ستمبر کے روز اختتام پزیر ہو گیا اور اس کا اختتامیہ ایک ایسے موقع پر ہوا، جب امریکا میں گزشتہ کئی دہائیوں کی شدید بحث جاری ہے، جس کا موضوع ہے نسل اور نسلی تعصب، ایک ایسے وقت پر کہ جب متعدد سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام باشندوں کی ہلاکت کے واقعات کیمروں نے محفوظ کیے اور عوامی سطح پر دیکھے گئے۔

ان واقعات کے بعد امریکا میں سیاہ فاموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر مظاہرے بھی کئے گئے، جن میں سے چند مرتبہ حالات تشدد کا رنگ بھی اختیار کر گئے۔ سیاہ فاموں کا الزام ہے کہ سفید فام پولیس اہلکار رنگ کی بنیاد پر شہریوں کے درمیان فرق روا رکھتے ہیں۔