1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سگریٹ نوشی کی لت میں اضافی کیمیائی مادوں کا خطرناک کردار

مقبول ملک1 اگست 2015

غیر تمباکو نوش افراد کو سگریٹ کا عادی بنانے اور بظاہر ’لائٹ‘ یا ’کم تارکول والے‘ سگریٹوں میں زیادہ ذائقے کی خاطر استعمال کیے جانے والے اضافی کیمیائی مادے عام لوگوں کو اس نشے کا عادی بنانے میں خطرناک کردار ادا کرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1G8Ic
تصویر: picture-alliance/dpa/R. Fluger

نیوز ایجنسی روئٹرز کی ہفتہ یکم اگست کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ بات ایک نئی لیکن وسیع تر طبی تحقیق کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔ اس تحقیق کے نتائج کے مطابق تمباکو کی بین الاقوامی صنعت کی طرف سے سگریٹوں کی تیاری میں خالص تمباکو کے پتوں کے علاوہ جو اضافی کیمیائی مادے استعمال کیے جاتے ہیں، انہیں عرف عام میں additives اور کیمیائی حوالے سے پائیرازائنز کہا جاتا ہے۔

خام مادے کے طور پر تمباکو میں یہ pyrazines تمباکو نوش افراد کے لیے خاص طور پر ’لائٹ کہلانے والے، کم نکوٹین کے حامل اور کم تارکول والے‘ سگریٹوں کو ’زیادہ ذائقے دار اور پرکشش‘ بنانے کے ملائے جاتے ہیں۔ لیکن نئی ریسرچ نے ثابت کر دیا ہے کہ یہی کیمیائی مادے ایسی تمباکو مصنوعات کے استعمال کرنے والوں کو ’نشے کا عادی بنا دینے کی اضافی صلاحیت کے حامل‘ بھی ہو سکتے ہیں۔

اس تحقیق کے دوران ماہرین نے طویل عرصے تک انٹرنیشنل ٹوبیکو انڈسٹری کی سات ملین سے زائد ایسی دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لیا، جو انہی اضافی کیمیائی مادوں یا additives کے بارے میں تھیں۔ پتہ یہ چلا کہ آج کل سگریٹ سازی میں ایسے جو اضافی کیمیائی مادے استعمال ہوتے ہیں، ان کا استعمال 1960ء کی دہائی میں اس وقت شروع کیا گیا تھا جب تمباکو نوش افراد نے low-tar والی مصنوعات کے طور پر تیار کردہ اولین سگریٹوں کو ’بے ذائقہ‘ کہہ کر مسترد کر دیا تھا۔

اس بارے میں امریکی ریاست نیو یارک کے شہر Buffalo کے رَوس وَیل پارک کینسر انسٹیٹیوٹ کے ڈاکٹر ماسیئے گونِیوِچ نے روئٹرز کو بتایا، ’’تمباکو میں پائی جانے والی نکوٹین ایک ایسا کیمیکل ہے، جس کے انسانی جسم، اعصاب اور دوران خون پر اثرات پوشیدہ نہیں ہیں اور یہ بات مدت سے طے ہے کہ نکوٹین ایک addictive یا اپنے استعمال کا عادی بنا دینے والا مادہ ہے۔‘‘

ڈاکٹر ماسیئے گونِیوِچ کے مطابق، ’’نئی تحقیق اس بارے میں تازہ شواہد مہیا کرتی ہے کہ تمباکو مصنوعات تیار کرنے والے اداروں نے اضافی کیمیائی مادوں کا استعمال ممکنہ طور پر اسی وجہ سے شروع کیا کہ سگریٹ نوشوں کو ’نشے کا عادی بنا دینے کی اسی صلاحیت‘ میں اضافہ کیا جا سکے۔‘‘

WHO Bericht Raucher Russland
کیمیائی مادے ’نشے کا عادی بنا دینے کی اضافی صلاحیت کے حامل‘ بھی ہو سکتے ہیںتصویر: Getty Images/A. Utkin

نیو یارک کے اس محقق نے مزید بتایا کہ یہ اضافی کیمیائی مادے نکوٹین کی انسانی دماغ تک ترسیل کو آسان بنا سکتے ہیں، اس طرح تمباکو نوش افراد کے لیے نکوٹین کی ان کے جسم میں موجودگی کا تجربہ زیادہ شدید اثرات کا حامل ہوتا ہے یا یہ کہا جا سکتا ہے کہ ان کے جسم میں نکوٹین کی موجودگی کے اثرات میں تیز رفتاری آ جاتی ہے۔‘‘

تمباکو نوشی انسانی اموات کی ان سب سے بڑی وجوہات میں شامل ہے، جن کا تدارک کر کے ہر سال کئی ملین انسانوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچایا جا سکتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید