1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپورٹس ڈائجسٹ

رپورٹ :عابد حسین ، ادارت: شادی خان سیف24 اکتوبر 2009

کھیل کی دنیا کی اہم اور چیدہ سرگرمیوں کا جائزہ

https://p.dw.com/p/KEUm
ولیمز سسٹرز دوہا شرکت کریں گی۔ فائل فوٹوتصویر: AP

خلیجی ریاست قطر کے دارلحکومت دوہا میں WTA چیمپیئن شپ اگلے ہفتے کے دوران ستائیس تاریخ سے شروع ہو گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل پہلی نومبر کو کھیلا جائے گا۔ جو خاتون بھی اس ٹورنامنٹ کی فاتح ہو گی وہ ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کی چیپیئن شپ کی حقدر ہونے کے ساتھ ساتھ سال دو ہزار نو کی چیمپیئن بھی ٹھہرے گی۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد خواتین کی عالمی رینکنگ کا اگلا ٹورنامنٹ آسٹریلئن اوپن ہو گا جو نئے سال کے پہلے مہینے کے وسط میں شروع ہو گا۔

دوہا میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں عالمی رینکنگ کی پہلی آٹھ خواتین ٹینس کھلاڑی شرکت کرتی ہیں۔ اِن خواتین کے دو گروپ بنائے جاتے ہیں جن میں چار چار کھلاڑی آپس میں روبن راؤنڈ کی طرز پر کھیلتی ہیں اور پہلی دو کھلاڑی ہر گروپ کی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرتی ہیں۔ سیمی فائنل جیتنے والی کھلاڑی فائنل میں مدمقابل ہوتی ہیں۔

ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کی چیمپیئن شپ کے ٹونامنٹ کے لئے کوالیفائی کرنے والی خواتین کھلاڑیوں میں عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس سٹار سیرینا رولیمز کے ہمراہ عالمی نمبر دو روس کی دینا را سافینا کے ساتھ ساتھ روس ہی کی عالمی نمبر تین سویٹلانا کزنٹسووا اور امریکی خاتون وینس ولیمز بھی شامل ہیں۔ بقیہ چار خواتین میں سیربیا کی ژالینا جانکووچ آخر کھلاڑی تھیں جنہوں نے کوالیفائی کیا۔ اُن سے پہلے کیرولینا ووسنیاکی،ایلینا ڈیمینٹیوا اور بیلا روس کی وکٹوریا اذا رینکا بھی کوالیفائی کرچکی تھیں۔

Frankreich FIA Jean Todt
فارمولا ون کار ریسنگ کے بین الاقوامی ادارے کے نئے صدر ژاں ٹاٹ : فائل فوٹوتصویر: AP

۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔

فارمولا ون کار ریسنگ کا سیزن اپنے منزل کے قریب ہے۔ اب صرف ایک کار ریس باقی رہ گئی ہے۔ اِس کا انعقاد پہلی نومبر یعنی اگلی اتوار کو خلیجی ریاست ابو ظہبی کے نو تعمیر شدہ کار ریس ٹریک پر ہو گا۔ ابو ظہبی فارمولا ون کار ریس کی پہلی بار میزبانی کر رہا ہے۔ ایک اور خلیجی ملک بحرین میں بھی فارمولا ون کار ریسنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ابو ظہبی کار ریس میں ڈرائیور چیمپیئن شپ میں دوسری پوزیشن پر سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ ڈرائیور چیمپیئن شپ پہلے ہی برطانوی ڈرائیورجینسن بٹن نے جیت لی ہے۔ اِس کا فیصلہ گزشتہ اتوار کو برازیل گراں پری کے دوران ہوا تھا۔ اب اگلے سال کے حوالے سے توقع کی جا رہی ہے کہ میکلارن گاڑی کی انتظامیہ امکاناً نئے چیمپیئن جینسن بٹن کو پیشکش کر سکتی ہے۔ ایسی صورت میں اگلے سال گزشتہ سال کے چیمپیئن لوئیس ہملٹن اور جیسن بٹن میکلارن گاڑی کی ٹیم کے ساتھی ہوں گے۔ اِس دوران فارمولا ون کار ریسنگ کے عالمی ادارے کے سربراہ کے انتخابات کا عمل بھی مکمل ہو گیا ہے۔ Jean Todt سن دو ہزار تیرہ تک کی مدت کے لئے میک موزلے کی جگہ صدر منتخب کر لئے گئے ہیں۔ الیکشن میں اُن کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

Ricky Ponting
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان: رکی پونٹنگ : فائل فوٹوتصویر: AP

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کرکٹ کے حوالے سے ایک اور اہم سیریز اتوار پچیس اکتوبر سے آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان شروع ہو گی۔ یہ سیریز بھارت میں کھیلی جا رہی ہے۔ بھارتی اور آسٹریلوی کرکٹ یمیں سات ایک روزہ میچ کھیلیں گی۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی پریکٹس میچ میں اپنے ٹخنے پر چوٹ لگوا بیٹھے ہیں۔ ان کی فٹ نس کا معاملہ امکاناً میچ شروع ہونے سے قبل ہی طے ہو گا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ اینڈی مولز نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ اُنہوں نے سن دو ہزار آٹھ میں کوچنگ کا فریضہ سنبھالا تھا۔ اُن کی کوچنگ کے دور میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے چار کرکٹ ٹیسٹ میچوں کو برابر اور تین میں شکست کھائی جب کہ اُنیس میں سے دس ایک روزہ میچوں میں ہارنا پڑا۔ اینڈی مولز کے استعفے کی بنیادی وجہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کا اُن سے اختلاف تھا۔ انہی کھلاڑیوں نے کوچ کو فارغ کرنے کا مطالبہ جنوبی افریقہ منعقدہ چیمپیئن ٹرافی کے بعد کیا تھا۔ نئے کوچ کے نام کا اعلان ہوناابھی باقی ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق اُن کی ٹیم اگلے دنوں میں پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے متحدہ عرب امارت جا رہی ہے۔ اِس سیریز میں تین ایک روزہ میچ اور دو ٹونٹی ٹونٹی میچ شامل ہیں۔ یہ سیریز تین نومبر سے شروع ہو گی۔ اِس کے بعد نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔

Parreira erklärt Rücktritt als Südafrikas Fußball-Nationaltrainer
جنوبی افریقہ کی فٹ بال ٹیم کے دوبارہ مقرر کئے جانے والے کوچ: فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/ dpa

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اگلے برس کے فٹ بال کے عالمی کپ کے میزبان ملک جنو بی افریقہ نے اپنے ملک کی ٹیم کے لئے ایک بار پھر برازیل کے کارلوس البرٹو پریرا کو کوچ مقرر کر دیا ہے۔ اُن کے کوچ مقرر کرنے کی وجہ گزشتہ چند میچوں میں جنوبی افریقی فٹ بال ٹیم کی مایوس کن کارکردگی خیال کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے اُس کی عالمی رینکنگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ جنوبی افریقہ کی فٹ بال ٹیم کو گزشتہ سترہ سالوں میں پندرہ مختلف کوچ حضرات کی خدمات حاصل رہی ہیں۔ جنوبی افریقہ کی فٹ بال ٹیم عالمی کپ میں شرکت کے سلسلے میں تیاریوں کے حوالے سے اپنے کیمپ برازیل اور جرمنی میں بھی لگانے کا ارادہ رکھتی ہے تا کہ ٹیم کو زیادہ سے زیادہ فٹ بال کے عالمی ماحول سے آشنائی ہو سکے۔