1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سُرخی پوڈر کی ضرورت نہیں، حُسن افروزی کے لیے’مستقل میک اپ‘

کشور مصطفیٰ7 فروری 2016

پرمننٹ میک اپ یا مُستقل میک اپ کوئی تخیلاتی یا جادوئی تصور نہیں بلکہ ایک ایسا عمل ہے، جس کے ذریعے چہرے کو ایک مخصوص عرصے کے لیے مستقل طور پر حُسن افروز بنایا جا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Hr6Q
تصویر: picture-alliance/dpa/F. Rumpenhorst

جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے اسکول آف کاسمیٹولوجی کی انسٹرکٹر ایمل بوٹون کہتی ہیں، ’’ایک خود کار آلہ جو ٹیٹو مشین کی طرح کام کرتا ہے، کی مدد سے مائیکرو پگمنٹیشن یعنی نسیج کی جا سکتی ہے۔ اس عمل میں چہرے کی جلد کی سب سے بیرونی پرت جسے ایپی ڈرمس کہتے ہیں، میں ایک باریک سوئی سے نسیج کو رنگنے والا رنگ ڈال دیا جاتا ہے، جس سے چہرہ ترو تازہ اور میک اپ سے بھرپور نظر آنے لگتا ہے۔‘‘

مائیکرو پگمنٹیشن یا پرمننٹ میک اپ کے عمل سے گزرنے کے بعد نہ تو صبح اُٹھ کر چہرے کہ صاف کرنے کی ضرورت رہتی ہے اور نہ ہی اس کو سرُخی پوڈر سے آراستہ کرنے یا گالوں کو گلابی کرنے اور ہونٹوں کو سُرخ کرنے کی ضرورت باقی رہتی ہے۔ ایک بار مائیکرو پگمنٹیشن کروا لینے سے ایک مخصوص عرصے کے لیے چہرے کی مستقل حُسن افروزی ہو جاتی ہے۔

Permanent Makeup
پرمننٹ آئی برو میک اپ سے بھنویں گھنی اور بھری بھری نظر آنے لگتی ہیںتصویر: AP

جرمن ماہر حُسن افرروزی ایمل بوٹون کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ خواتین پرمننٹ آئی برو میک اپ کرواتی ہیں اور ابرو کا مستقل زیبائشی عمل جس کے ذریعے بھنویں گھنی اور بھری بھری نظر آنے لگتی ہیں، ہی سب سے زیادہ مقبول ہے۔ ایک اور متبادل مائیکرو پگمنٹیشن مژگاں یا پلکوں کو گھنا اور اونچا کروانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

اس عمل میں پلکوں کی جڑوں میں بہت باریک نقطوں جیسے پگمنٹس انجیکٹ کر دیے جاتے ہیں۔ بوٹون کے بقول، ’یہ ایک انتہائی دقیق‘ کام ہے۔ اس کے علاوہ پتلے ہونٹوں کو بھرے بھرے اور موٹے بنانے کے لیے بھی مائیکرو پگمنٹیشن یا پرمننٹ میک اپ کا سہارا لیا جاتا ہے۔ اس کے لیے ایک مخصوص ’شیڈنز ٹیکنالوجی‘ بروئے کار لائی جاتی ہے۔ اس سے ہونٹوں کے خدوخال نمایاں کیے جا سکتے ہیں اور ہونٹوں کے رنگ کو جاذب نظر بنایا جا سکتا ہے۔

Permanent Make-up - Kosmetikstudio in Frankfurt am Main
مژگاں یا پلکوں کے لیے مائیکرو پگمنٹیشنتصویر: picture-alliance/dpa/F. Rumpenhorst

جرمن شہر فرینکفرٹ سے تعلق رکھنے والی ایک اور کاسمیٹولوجسٹ کرسٹینا ژوویک نے آئی بروز یا بھنوؤں کو خوبصورت بنانے میں مہارت حاصل کی ہے۔ اس طریقہ کار کو ’مائیکرو بلیڈنگ‘ کہا جاتا ہے۔ کرسٹینا کہتی ہیں، ’’ایک ایک بال الگ الگ ہاتھ سے بنایا جاتا ہے۔ اس طرح بنائی گئی بھنوؤں کے بال بہت ہی دقیق اور قدرتی نظر آتے ہیں۔‘‘

روایتی استعمال کے علاوہ پرمننٹ یا مستقل میک اپ کبھی کبھی سرجری کے بعد بھی بروئے کار لایا جاتا ہے۔ کیرسٹین فرنکن جرمنی کے ایک ہسپتال کے بریسٹ سینٹر میں ایک پرمننٹ میک اپ آرٹسٹ ہیں۔ وہ بریسٹ کینسر یا چھاتی کے سرطان کی مریضوں کے ہالہ پستان کی ری پگمنٹیشن یا نسیج کو دوبارہ سے رنگنے کا باریک کام انجام دیتی ہیں۔

پرمننٹ میک اپ تاہم ڈیڑھ سے دو سال کے بعد مرجھانا یا مدھم پڑنا شروع ہو جاتا ہے، جس کے بعد اسے دوبارہ کروانا پڑتا ہے۔ ماہر امراض جلد کرسٹیان راؤلن پرمننٹ میک اپ کے صحت کو پہنچنے والے نقصانات سے خبردار کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ٹیٹو کی طرح جلد کو زخمی کر دیتا ہے اور الرجیز اور سوزش کا سبب بن سکتا ہے۔