1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سينٹ پيٹرز برگ دھماکے ميں کرغیزستانی نژاد روسی شہری ملوث‘

عاصم سلیم
4 اپریل 2017

کرغیزستان کی انٹيليجنس نے انکشاف کيا ہے کہ پير کو سينٹ پيٹرز برگ ميں ہونے والے دھماکے ميں ملوث مشتبہ ملزم کرغیزستان ميں پيدا ہوا تھا اور وہ روسی شہری ہے۔ بم دھماکے ميں گيارہ افراد ہلاک اور چاليس سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/2acys
Russland Blumen und Kerzen am Anschlagsort in St. Petersburg
تصویر: picture-alliance/dpa/Lehtikuva/J. Nukari

سابق سوويت رياست کرغیزستان کی اسٹيٹ کميٹی برائے قومی سلامتی نے منگل کی صبح جاری کردہ ايک بيان ميں اس بات کی تصديق کر دی ہے کہ تين اپريل کو سينٹ پيٹرز برگ کے زير زمين ريلوے اسٹيشن ميں ہونے والے دھماکے ميں کرغیزستانی نژاد روسی شہری ملوث تھا۔ بيان ميں يہ بھی بتايا گيا ہے کہ واقعے کی تحقيقات کے سلسلے ميں  روسی حکام کے ساتھ تعاون جاری ہے۔

سينٹ پيٹرز برگ ميں گزشتہ روز يہ دھماکا مقامی وقت کے مطابق دو بج کر چاليس منٹ پر ہوا اور اس کے نتيجے ميں کم از کم گيارہ افراد ہلاک جبکہ چاليس سے زائد زخمی ہو گئے۔ بم دھماکا ريل گاڑی کی ايک بوگی ميں اس وقت ہوا، جب ريل ٹيکنولوجيکل انسٹيٹيوٹ اور ووسٹانيا اسکوائر کے اسٹيشنوں کے درميان سفر ميں تھی۔

وسطی ايشيائی ملک کرغیزستان کی انٹيليجنس ايجنسی کے ترجمان نے بتايا ہے کہ مشتبہ ملزم کا نام Akbarjon Djalilov ہے اور وہ سن 1995 ميں کرغیزستان ميں پيدا ہوا تھا۔ ايجنسی کے مطابق امکانات ہيں کہ مشتبہ ملزم نے بعد ازاں روسی شہريت حاصل کر لی ہو۔ دريں اثناء تحقيقات کرنے والی روسی کميٹی نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقيقات ايک دہشت گرادانہ واقعے کے طور پر جا رہی ہيں تاہم  بتایا گیا ہے کہ تفتیش میں دیگر تمام ممکنہ پہلوؤں پر بھی غور کيا جا رہا ہے۔

تاحال کسی نے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہيں کی ہے۔ خبر رساں ادارے ايسوسی ايٹڈ پريس کے مطابق يہ بات بھی واضح نہيں ہے کہ آيا يہ ايک خود کش حملہ تھا يا حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہو گيا۔

ڈی ڈبلیو ویڈیو نیوز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید