سوات میں خودکش حملہ، رکن صوبائی اسمبلی ہلاک
1 دسمبر 2009سوات میں پولیس کے سربراہ قاضی غلام فاروق کے مطابق یہ حملہ کانجو کے علاقے میں کیا گیا۔ عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی شمشیر علی خان طالبان کی عسکریت پسندی کے شدید مخالف تھے اور اس بارے میں اکثر بڑے تند و تیز بیانات بھی دیتے رہے تھے۔
پشاور میں صوبہ سرحد کی صوبائی اسمبلی کے رکن شمیر علی خان اپنے بھائی اور دیگر افراد سمیت عید کے موقع پر مہمانوں سے ملاقاتیں کر رہے تھے کہ خودکش حملہ آور نے مہمان خانے میں خودکو دھماکہ خیز مواد اڑا دیا۔ اس حملے میں شمشیر علی خان کے بھائی بھی ہلاک ہوگئے۔ ہسپتال ذرائع نے اس حملے میں دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گیارہ دیگر افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے آپریشن ’راہ راست‘ کے بعد ابھی کچھ عرصے قبل ہی پاکستانی فوج نے سوات کے علاقے سے طالبان کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا تھا۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : مقبول ملک