1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوات شہر میں ایک مرتبہ پھر چہل پہل

17 فروری 2009

کالعدم تنظیم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد طالبان عسکریت پسندوں سے مذاکرات کے لیے سوات میں واقع گراسی گراﺅنڈ پہنچ رہے ہیں۔ اس موقع پر ان کے قافلے کا پر جوش خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/GvvO
اقوام متحدہ کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد سوات سے نقل مکانی پر مجبور ہو چکی ہےتصویر: AP

صوفی محمد گراسی گراونڈ مینگورہ میں طالبان شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں سوات کے شدت پسندوں سے مذاکرات کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جا ئے گا۔

انہوں نے سوات روانگی سے قبل کہا تھا کہ وہ قیام امن اور طالبان کے غیر مسلح ہونے تک اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سوات ہی میں قیام کریں گے۔ سوات میں صوفی محمد اور حکومتی فورسز سے مزاحم طالبان کے سربراہ اور صوفی محمد کے داماد مولوی فضل اللہ کی ملاقات بھی ہوگی۔

حکومت اور طالبان عسکریت پسندوں کے درمیان معاہدے کے بعد آج منگل کے روز ایک مرتبہ پھر سوات شہر میں لوگوں کی بڑی تعداد معمولات زندگی کی طرف لوٹتی دکھائی دی اور کچھ اسکول بھی کھلے۔ مقامی لوگوں نے اس معاہدے کو انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے ہو ئے کہا کہ سوات میں یہ چہل پہل گزشتہ دو برسوں میں پہلی بار دکھائی دی ہے۔