سوائن فلو اٹلی میں بھی
2 مئی 2009میکسیکو، امریکہ اور کئی یورپی ممالک کے بعد اب سوائن فلو یا خنزیری وائرس جنوبی کوریا، ہانگ کانگ اور نیوزی لینڈ بھی پہنچ گیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب یورپی ملک اٹلی میں بھی ایک شخص کے سوائن فلو سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔
جنوبی کوریا میں ایک 51 سالہ خاتون اس وائرس سے متاثر ہیں۔ مذکورہ خاتون حال ہی میں میکسیکو سے سفر کرکے جنوبی کوریا آئی تھیں۔ دوسری جانب صحت کے شعبے سے وابستہ امریکی حکام نے بیس ریاستوں میں 143 سوائن فلو وائرس کے کیسز کی تصدیق کردی ہے۔ جن امریکی ریاستوں میں سوائن وائرس کے کیسز دریافت ہوئے ہیں ان میں نیویارک، فلوریڈا، نیبراسکا، ٹیکساس، ورجینیا، نیو جرسی، میشی گن، انڈیانا، اور کیلیفورنیا شامل ہیں۔ جرمنی میں سوائن فلو کے پانچ کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جو کہ نسبتاً کم شدّت کے ہیں۔
اطالوی صوبے ماسا کارارا کے ایک ہسپتال کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ یہ متاثرہ پچاس سالہ شخص حال ہی میں میکسیکو میں طویل قیام کے بعد وطن لوٹا تھا۔ تاہم ہسپتال کے زرائع کے مطابق یہ شخص تیزی سے صحتیاب ہو رہا ہے اور چند روز ہی ہسپتال میں داخل رہے گا۔ روم کی وزارتِ صحت کے مطابق مذکورہ اطالوی باشندہ سوائن فلو کے بہت مضرقسم کے انفیکشن کا شکار نہیں تھا اس لیے اس کی صحتیابی جلد ممکن ہے۔
دوسری جانب میکسیکو میں سوائن فلو سے متاثرہ افراد کی تعداد چار سو تینتالیس جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد سولہ ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت WHO نے اس امر کا انکشاف کیا تھا کہ سوائن فلو کے خلاف موئثر ویکسین کے 6 ماہ سے پہلے تیار کیئے جانے کے امکانات بہت کم ہیں۔
دریں اثنا عا لمی ادارہ صحت نے میکسیکو میں سوائن فلو سے پیدا ہونے والی صورتحال کی بد ستور سنگینی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔