1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوئمنگ سوٹ پر لکشمی دیوی، احتجاجی مظاہرے

10 مئی 2011

ایک آسٹریلین کمپنی کی طرف سے سوئمنگ سوٹ پر لکشمی دیوی کی تصویر بنانے پر بھارت میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایک اعلیٰ بھارتی عدالت نے آسٹریلوی کمپنی کے خلاف مقدمے کی سماعت پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/11Cs3
تصویر: picture-alliance / dpa

منگل کے روز بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں الہ آباد کی ہائی کورٹ نے ’عوامی مفاد میں قانونی چارہ جوئی‘ کو مد نظر رکھتے ہوئے، آسٹریلین برانڈ کے خلاف مقدمے کی سماعت پر اتفاق کیا ہے۔ ہندو مذہب میں دولت کی دیوی لکشمی کی تصویر ایک بھارتی اخبار ’ہندی ڈیلی‘ میں شائع کی گئی تھی۔

مقدمے کی سماعت کے لیے درخوست ایک بھارتی وکیل نے دائر کی ہے۔ وکیل کے مطابق بھارتی اخبار کو ایسی تصاویر شائع نہیں کرنی چاہیے تھیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی حکومت کو یہ معاملہ آسٹریلوی حکام کے سامنے اٹھانا چاہیے اور انہیں کہا جائے کہ Lisa Blue Swimwear کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

BdT Indien Fluss Yamuna
ہندوؤں کے نزدیک دیوالی بھی دیوی لکشمی کو خراج تحسین ادا کرنے کا موقع ہےتصویر: AP

بھارتی اخبار میں چھپنے والی تصاویر آسٹریلوی شہر سڈنی میں ہونے والے ایک فیشن شو کی ہیں۔ ان تصاویر میں ماڈلز سوئمنگ سے متعلقہ کپڑوں کی تشہیر کے لیے کیٹ واک کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ کچھ ماڈلز نے ایسے کپڑے پہن رکھے تھے، جن پر ہندو مذہب کے مطابق دولت اور خوشحالی کی دیوی لکشمی کی تصاویر بنی ہوئی تھیں۔

اس خبر کے عام ہوتے ہی بھارت میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ بھارتی شمالی ریاست پنجاب میں ہندو انتہا پسندوں نے احتجاج کرتے ہوئے آسٹریلیا کے جھنڈے کو جلا دیا۔

دوسری جانب اس احتجاج کے بعد سوئمنگ کے لیے کپڑے تیار کرنے والی آسٹریلوی کمپنی نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے کپڑوں کی تیاری فوری طور پر روک دی گئی ہے، جن پر لکشمی دیوی کی تصاویر بنی ہیں۔ بیان میں ہندوؤں کی دل آزاری پر ان سے معذرت بھی کی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’یہ کپڑے دنیا بھر میں کہیں بھی فروخت کے لیے پیش نہیں کیے جائیں گے۔ ہم ہندو کمیونٹی سے معذرت خواہ ہیں اور اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔‘‘

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: امجد علی