1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جہادی نظريات کے حامل بنگلہ ديشيوں کی گرفتاری و ملک بدری

عاصم سليم20 جنوری 2016

سنگاپور ميں تعميرات کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ستائيس بنگلہ ديشی شہريوں کو ’دہشت گرد تنظيموں اور مسلح جہاد‘ سے منسلک نظريات رکھنے کے سبب گرفتار کرنے کے بعد اُن ميں سے چھبيس کو ملک بدر کر ديا گيا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HhBG
تصویر: AFP/Getty Images/R. Rahman

سنگاپور کے حکام نے بدھ بيس جنوری کے روز بتايا کہ بنگلہ ديشی شہريوں کی گرفتاری اور پھر ملک بدری گزشتہ برس کے اواخر ميں عمل ميں آئی تھی۔ اِس بارے ميں بيان ملکی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کيا گيا۔ بيان ميں يہ بھی بتايا گيا ہے کہ متعلقہ اشخاص قتل کے طريقہ کار پر مواد پڑھتے رہے اور اُنہيں واپس اپنے ملک جا کر جہاد کرنے کے ليے تربيت دی جا رہی تھی۔

سنگاپور کے وزير برائے ہوم افيئرز کے شنمگن نے سماجی رابطے کی ويب سائٹ فيس بُک پر اپنے ايک پيغام ميں لکھا ہے کہ اگرچہ اس گروپ کے ارکان بيرون ملک حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم وہ اپنے ارادے بدل کر سنگاپور ميں بھی کارروائياں کر سکتے تھے۔ ان کے بقول گروپ کے کچھ ارکان نے شام اور عراق ميں سرگرم دہشت گرد تنظيم داعش ميں شموليت پر بھی کافی عرصے تک سنجيدگی سے غور کيا تھا۔

گرفتار کر کے ملک بدر کر ديے جانے والے ستائيس بنگلہ ديشيوں کی عمريں پچيس سے چاليس برس کے درميان ہيں اور انہيں سنگاپور کے داخلی سکيورٹی کے ايکٹ کے تحت سولہ نومبر اور يکم دسمبر کے درميان حراست ميں ليا گيا تھا۔ يہ افراد سنگا پور ميں کنسٹرکشن يا تعميرات کے شعبے ميں کام کرتے تھے۔

حکام کے مطابق سنگا پور بڑی تعداد ميں ملٹی نيشنل کمپنيوں کی موجودگی کے سبب جنگجوؤں کے نشانے پر ہے
حکام کے مطابق سنگا پور بڑی تعداد ميں ملٹی نيشنل کمپنيوں کی موجودگی کے سبب جنگجوؤں کے نشانے پر ہےتصویر: Getty Images/AFP/R. Rahman

وزارت داخلہ نے اپنے بيان ميں مزيد بتايا، ’’گروپ کے ارکان نے حکام کی نظروں سے بچنے کے ليے بھی اقدامات کر رکھے تھے۔ وہ جہادی مواد کا تبادلہ اور اسے تقسيم خفيہ طور پر کيا کرتے تھے جبکہ ہفتہ وار ملاقاتيں بھی معمول کا حصہ تھيں۔ ان ملاقاتوں ميں وہ مسلح جہاد اور ان مسلح تنازعات کا ذکر کيا کرتے تھے جن ميں مسلمان ملوث ہيں۔‘‘

ان میں سے ايک شخص کو گرفتاری کے بعد ملک بدر نہيں کيا گيا کيونکہ وہ اپنے ديگر ساتھيوں کی گرفتاريوں کا سن کر بھاگنے کی کوشش ميں تھا۔ اسے حراست ميں لينے کے بعد سزا سنا دی گئی اور سزائے قيد مکمل ہونے پر ملک بدر کر ديا جائے گا۔

سنگاپور ميں رجنترم اسکول آف انٹرنيشنل اسٹڈيز ميں انسداد دہشت گردی کے موضوع کے ايک تجزيہ نگار کمار راما کرشنا کے مطابق يہ گرفتارياں سنگا پوری شہريوں کے ليے عدم اطمينان کی سبب بنيں گی کيونکہ غير ملکی ملازمين ملک کا حصہ ہيں۔ سنگاپورين حکام کا کہنا ہے کہ ملک ميں بڑی تعداد ميں ملٹی نيشنل کمپنيوں اور ايک علاقائی مالياتی مرکز کے طور پر ساکھ کے سبب سنگاپور جنگجوؤں کے نشانے پر رہے گا۔