1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنچورین ٹیسٹ: بھارتی بلے باز لڑکھڑا گئے

17 دسمبر 2010

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے اختتام تک جنوبی افریقی بولروں کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں بھارت نے 139 رنز بنائے ہیں اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Qdz3
جنوبی افریقی بولر ڈیل سٹائنتصویر: AP

بارش سے متاثرہ میچ میں بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن ریت کا پہاڑ ثابت ہوئی اور کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ مزاحمت نہ دکھا سکا۔ بارش کے نتیجے میں کھیل کا پہلا سیشن بری طرح متاثر ہوا۔ چار گھنٹے کی تاخیر سے جب میچ شروع ہوا تو جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان گریم سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

سنچورین کے مقام پر کھیلے جا رہے اس میچ میں سمتھ کا فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا، جب اوپنر وریندر سہواگ کوئی رن بنائے بغیر ہی آؤٹ ہو گئے۔ وہ ڈیل سٹائن کی ایک گیند پر تھرڈ مین ہاشم آملہ کو کیچ دے بیٹھے۔ بعد ازں گوتم گھمبیر 5 اور راہول ڈریوڈ 14کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ چائے کے وقفے کے بعد بھارت کے چھ بلے باز پویلین لوٹے۔

Mahendra Singh Dhoni
بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونیتصویر: AP

سچن تندولکر چھتیس، لکشمن سات، سریش رائنا ایک جبکہ ہربھجن سنگھ ستائیس رنز ہی بنا سکے۔ سری شانت اوراشانت شرما بھی صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ کھیل کے اختتام پر کپتان مہیندر سنگھ دھونی 33 جبکہ لاسٹ مین اوناندکت ایک سکور پر ناٹ آؤٹ تھے۔

پہلے دن کے کھیل میں صرف 38.1 اوورز ہی ہو سکے۔ جنوبی افریقی بولر مورنی مورکل نے بیس رنز کے عوض چار جبکہ ڈیل سٹائن نے 34 رنز کے بدلے میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ اسی دوران مورکل نے ٹیسٹ کیریئر میں اپنی سو وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

اس وقت میچ پر جنوبی افریقی ٹیم کی گرفت مضبوط ہو چکی ہے۔ جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے کُل بارہ میچوں میں سے بھارت نے صرف ایک ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔ بھارت کی کوشش ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کو اسی کی سرزمین میں پہلی مرتبہ سیریز ہرا کر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنیگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امتیاز احمد