1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمارٹ فونز سے آگے کی دنیا ’ورچوئل ریلیٹی‘

عاطف بلوچ22 فروری 2016

موبائل ورلڈ کانگریس کا باقاعدہ طور پر آغاز ہو گیا ہے۔ بارسلونا میں بائیس تا پچیس فروری تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں جدید اور نت نئی مصنوعات نمائش کے لیے رکھی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Hzos
Vergleich Samsung Galaxy 6 und Iphone
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Dalmau

جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس کا مقصد موبائل انڈسٹری میں ہونے والی ترقی اور جدت کے علاوہ صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات اور نئے مواقع کے تناظر میں اس ٹیکنالوجی کا جائزہ لیا جانا ہے۔ اس کانگریس میں نہ صرف نت نئی مصنوعات متعارف کرائی جاتی ہیں بلکہ مختلف کمپنیوں کے نمائندے موبائل صنعت میں مزید ترقی اور شراکت داری کے لیے ملاقاتیں بھی کرتے ہیں۔

اس برس اس کانگریس کا موٹو ہے، ’موبائل ہر طرف‘۔ اس ٹیکنالوجی نے اتنی ترقی کر لی ہے کہ اب ترقی یافتہ ممالک میں انسان اس سے جدا ہونے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا ہے۔ اب روایتی موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کے رحجانات بھی بدلتے جا رہے ہیں۔

سمارٹ فورنز کی بہتات کی وجہ سے اب مختلف کمپنیوں میں مقابلے کی ایک نئی فضا بھی پیدا ہو چکی ہے۔ آج کے دور میں موبائل فون کا بنیادی مقصد بھی بدلتا جا رہا ہے۔ لوگوں اب ایسی سمارٹ ڈوائسز کو فون کرنے کے بجائے گیمز اور دیگر مقاصد کے لیے زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف کمپنیاں اب نئی نئی اختراعات کا سہارا لے رہی ہیں۔

سوکر برگ کی اچانک آمد

موبائل انڈسٹری میں سب سے بڑا مقابلہ ایپل اور سام سنگ کے مابین چل رہا ہے۔ دونوں کمپنیاں صارفین کو متوجہ کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوشش میں ہیں۔ اس مرتبہ موبائل ورلڈ کانگریس میں ایچ ٹی سی اور دیگر کمپنیوں کی طرح سام سنگ کمپنی بھی اپنی نئی پراڈکٹس کو مارکیٹ میں متعارف کرا رہی ہے۔

سام سنگ آج کل ایک نئی ٹیکنالوجی پر کام کر رہا ہے، جو ورچوئل ریلیٹی (وی آر) پر مبنی ہے۔ اس کانگریس میں سام سنگ نے اپنے وی آر گیئر ہیڈ سیٹس بھی متعارف کرائے ہیں، جنہیں پہن کر انسان ایک ایسی حقیقت میں چلا جاتا ہے، جو دراصل غیر حقیقی ہوتی ہے۔ گیمز میں اس ٹیکنالوجی کا استعمال صارف کو ایک انہونی دنیا میں لے جاتا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک سوکر برگ کا کہنا ہے کہ وی آر ایک ایسا نیا پلیٹ فارم ہے، جہاں انسان وہ سب کچھ کر سکتا ہے، جو وہ چاہتا ہے۔ انہوں نے اس کانگریس میں اچانک پہنچ کر سب کو حیران بھی کر دیا۔ سوکر برگ کا کہنا ہے کہ وہ سام سنگ کے ساتھ مل کر اس نئی ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں۔

Mark Zuckerberg Internet.org
سوکر برگ کے بقول آنے والے دور میں ورچوئل ریلیٹی انسانوں کے مابین رابطوں کے معنی ہی بدل دے گی۔تصویر: picture alliance/dpa/A. Dalmau

سوکر برگ کے بقول ابھی تک ورچوئل ریلیٹی کا استعمال صرف گیمز میں ہو رہا ہے لیکن آنے والے دور میں یہ ٹیکنالوجی انسانوں کے مابین رابطوں کے معنی ہی بدل دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سے بڑا سوشل پلیٹ فارم ثابت ہو گی، جس کی مدد سے لوگوں کی زندگیاں ہی بدل جائیں گی۔

موبائل ورلڈ کانگریس کے تین روزہ ایونٹ میں ان اس ٹیکنالوجی کا تجربہ کیا جا سکتا ہے۔ سام سنگ کے علاوہ سونی، ایچ ٹی سی اور ایل جی نے بھی اپنی مصنوعات عام صارفین کے لیے وہاں نمائش میں رکھی ہیں۔ اس کانگریس کے شرکاء مختلف اسٹالز پر جا کر نہ صرف ان مصنوعات کو براہ راست دیکھ سکتے ہیں بلکہ ورچوئل ریلیٹی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ایک منفرد اور انوکھا تجربہ بھی کر سکتے ہیں۔