1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعید جعفری دنیا سے رخصت ہو گئے

امتیاز احمد16 نومبر 2015

بھارت کے مشہور اور بین الاقوامی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے سعید جعفری اتوار کے روز چھیاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1H6od
Indien - Schauspieler Saeed Jaffrey gestorben
تصویر: picture-alliance/dpa

سینئر اداکار سعید جعفری کے انتقال کی تصدیق ان کی بھتیجی شاہین اگروال نے اتوار کے روز اپنے فیس بک پر کی تھی جبکہ ان کے اہلخانہ کی طرف سے بھی آج ایک پیغام جاری کیا گیا، جس کے مطابق وہ لندن کے ایک ہسپتال میں داخل تھے، جہاں وہ ہفتے کے دن اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ بیان کے مطابق، ’’جعفری کے دماغ کی شریان اس وقت پھٹی، جب وہ لندن میں اپنے گھر پر موجود تھے اور وہ اس کے بعد وہ صحت یاب نہ ہو سکے۔‘‘

سعید جعفری ’چشم بد دور، گاندھی اور اے پیسج ٹو انڈیا ایسی مشہور فلموں کو اپنی اداکاری کے ذریعے لازوال بنا چکے ہیں۔ وہ سین کونیری اور مائیکل کین سمیت روشن سیٹھ، جیمز آئیوری، رچرڈ ایٹنبرو اور ڈینیل ڈے لیوس ایسے ادارکاروں کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

ان کی وہ فلمیں، جو بین الاقوامی سطح پر مشہور ہوئیں، ان میں دا جیول آف کراؤن، چکن تکہ مسالا، دا مین ہُو وُولڈ بی کِینگ اور ڈیتھ آف نیل شامل ہیں۔

ان کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے، ’’وہ ایک کثیر الجہتی اداکار تھے۔ ان کی مخصوص شاندار اور منفرد اداکاری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘

بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق سعید جعفری نے اپنے کیرئیر کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے کیا تھا لیکن بعدازاں وہ امریکا چلے گئے تھے۔ امریکا کی کیتھولک یونیورسٹی میں انہیں ڈرامہ اسٹڈی کے مضمون میں فل برائٹ اسکالر شپ مل گئی تھی۔

ابھی وہ امریکا میں ہی تھے کہ انہوں نے مدھر جعفری (پہلی بیوی) سے شادی کر لی تھی۔ مدھر جعفری بھارتی نژاد اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ فوڈ اینڈ ٹریول رائٹر جبکہ ٹیلی وژن کی شخصیت بھی تھیں۔ انیس سو پینسٹھ میں طلاق سے پہلے ان کے تین بچے پیدا ہو چکے تھے۔ اس کے بعد سعید جعفری نے 1980ء میں جینفر کے ساتھ دوسری شادی کی۔ ان کی یہ بیوی ہسپتال میں ان کی آخری سانسوں تک ان کے رہی۔

سعید جعفری نے اسّی کی دہائی میں بھارتی فلموں میں کام کرنا شروع کیا۔ ان کی مشہور بھارتی فلموں میں شطرنج کے کھلاڑی، معصوم اور حنا شامل ہیں۔ انہوں نے کئی چوٹی کے بھارتی اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا، جن میں امیتابھ بچن، عامر خان اور مادھوری ڈیکشٹ شامل ہیں۔ جعفری وہ پہلے بھارتی تھے، جنہں آرڈر آف دا برٹش ایمپائر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔